ملتان( نمائندہ خصوصی ،سپیشل رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے سیاسی مخالفین کے خلاف ایک مرتبہ پھر پیش گوئی کر دی،کہتے ہیں جوتشی نہیں سیاسی ورکر ہوں ،اول تو مارچ میں ہی تمام چوروں ڈاکوئوں،لٹیروں پر جھاڑو پھر جائے گا ۔ شیخ رشید نے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان امریکہ نہیں جائینگے بلکہ ٹرمپ پاکستان آئے گا ، جنوبی پنجاب صوبے کا حامی تھا اور رہوں گا، سانحہ ساہیوال بہت افسوسناک ہے جس عمران خان کو میں جانتا ہوں وہ واقعے میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنا دے گا، وزیر قانون کے مطابق میں پبلک اکائونٹس کمیٹی کا ممبر بن سکتا ہوں،جب بن گیا تو شہباز دوسروں کا احتساب کرے میں ان کا کروں گا۔ شیخ رشید نے اچانک ملتان ریلوے سٹیشن کا دورہ کیا، پلیٹ فارم پرمسافروں کے بیٹھنے کی جگہوں کا جائزہ لینے سمیت ریلوے ریسٹورنٹ اورقلیوں کے کمرے کا بھی جائزہ لیا اور مسافروں سے مسائل کے بارے میں دریافت کیا ، بعد ازاں ریلوے گرائونڈ کے قریب نرسری کا افتتاح کیا اور ریلوے ہسپتال بھی گئے اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی ،ایوان تجارت وصنعت ملتان میں خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 8 ٹاپ ایکسپریس ٹرینوں میں سے ایک اورٹرین کابھی عنقریب ملتان میں سٹاپ مقرر کر رہے ہیں ، صنعت کاروں کو بھی آفرہے کہ وہ فریٹ ٹرین چلائیں ،ہم ٹریک اوردیگرسہولیات کا23لاکھ روپے فی چکر لیں گے ،صنعت کار آگے بڑھیں اوراس موقع سے فائدہ اٹھا کر کاروبار اور ملک کی خدمت بھی کریں دریں اثنا وزیر ریلوے نے روزنامہ 92 نیوز کی نشاندہی پر نیو ملتان سٹی ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کے سٹاپ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی ، شیخ رشید سے نادر خان صدر مین سٹریم ایسوسی ایشن برائے معذور افراد نے ملاقات کی اور ٹرینوں کو معذور افراد کے لئے قابل رسائی بنانے کا نادرخان سے وعدہ کیا ، شیخ رشید نے ریلوے ورکر یونین ملتان ڈویژن کے عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ٹی ایل اے پر کام کرنے والے ملازمین کو بھرتی سے پہلے کنفرم کیا جائے گا۔