لاہور،اسلام آباد(خبر نگار خصوصی، نیوز ایجنسیاں) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے عمران صاحب کان کھول کر سن لیں مریم نواز اپنا سفرشروع کریں گی، روک سکو تو روک لو ۔ عمران صاحب آپ کے ڈراور نوازشریف کے حوصلے میں فرق صرف سیلیکٹڈ اور منتخب کا ہے ۔ انہوں نے مریم نواز کی فیصل آباد میں ’’نواز شریف رہا کرو ریلی‘‘ سے قبل رکاوٹوں اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاعمران صاحب منتخب وزیراعظم کو گالیاں، دھمکیاں، سول نافرمانی اور لاک ڈائون کا اعلان کرنے کے بعد نواز شریف نے کون سا ٹی وی بند کرایا تھا۔عمران صاحب یہ جتنا پیسہ مریم نواز کے پہرے پہ خرچ کر رہے ہیں عوام کو روٹی، روزگار اور گھر دیں،3 دن پہلے دھمکیاں دیں لیکن بات نہیں بنی، عمران صاحب 2 دن پہلے پورے فیصل آباد میں دفعہ 144 لگائی، مریم نواز کی فیصل آباد میں ریلی اور جلسے سے ڈر نہیں لگ رہا تو پھر یہ سب کیوں، 120 دن کا دھرنا، سرکاری املاک اور پولیس کے سر توڑنے والوں کو شرم آنی چاہئے ۔ادھر نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے الزام عائد کیا کہ حکومت سینٹ میں عدم اعتماد کی تحریک میں ہارس ٹریڈنگ کر رہی ہے ،23جولائی کو سینٹ میں اپوزیشن کامیاب ہو گی ، 25جولائی کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ یوم سیاہ منایاجائے گا۔ وزیراعظم کودورہ امریکاسے متعلق اپوزیشن کواعتمادمیں لیناچاہیے تھا،پی ٹی آئی کے دھرنوں میں کون فنڈنگ کررہاتھا؟عمران خان کوبتاناہوگاکہ یہ سب کس کیلئے کررہے تھے ،عمران خان کا ایمانداری کا میک اپ اترنے کا وقت آگیا ہے ،انہوں نے ملک کو واپس 2002 میں لاکھڑا کیا۔