لاہور(سٹاف رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے سیکریٹری جنرل اور متحدہ مجلس عمل کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ عمران خان مولا جٹ نہیں وزیراعظم بنیں۔ پی ٹی آئی کو انتقال اقتدار نہیں شریک اقتدار کیا گیا ہے ۔ عمران خان غیبی مدد سے وزیراعظم بنا ہے ۔ پی ٹی آئی کو ملنے والا مینڈیٹ حقیقی نہیں جعلی ہے ۔ جعلی وزیراعظم کا اسمبلی میں پہلا دھمکی آمیز خطاب مایوس کن تھا۔ نئے وزیراعظم کے آدھے سے زیادہ وزیر جنرل مشرف دور کی کابینہ میں بھی موجود تھے ۔ نئی کابینہ میں نیا پاکستان نظر نہیں آیا۔ اپوزیشن متفقہ صدارتی امیدوار نامزد کرے گی۔ پی ٹی آئی کے لئے اپنا صدر منتخب کرانا آسان نہیں ہو گا۔ قتل کے مقدمے میں ملوث شخص کو وزیراعلی پنجاب بنا کر قوم کو مایوس کیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اختیار کے بغیر ملنے والا ریموٹ کنٹرول اقتدار بے معنی ہے ۔ خفیہ ہاتھ متحدہ اپوزیشن کو توڑنے کے لئے سرگرم ہیں۔ عمران خان کے دعوے اور وعدے ہی اس کی اصل اپوزیشن ہیں۔ حلف نامے کی درست ادائیگی نہ کرنے والا وزیراعظم کیسے ملک چلائے گا۔ بلاول بھٹو کی اسمبلی میں پہلی تقریر متاثرکن تھی۔ عمران خان اب گنڈا سہ دفن کر کے سنجیدگی اختیار کرے ۔ پنجاب میں اکثریتی پارٹی کے حکومت بنانے کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ۔