سرگودھا ،شکرگڑھ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،تحصیل رپورٹر،این این آئی) مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے عمران خان ناکام ہوچکے ہیں، معاشی بحران سے غریب اور سفید پوش طبقے کا کچومر نکل چکا،حکومت کی پالیساں ملکی سلامتی کے لئے خطرہ بنتی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا 2020 الیکشن کا سال،حکومت شکنجے میں آکر مذاکرات کا لالی پاپ دے رہی ہے ، چک نمبر46جنوبی میں نواز شریف سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت مولانافضل الرحمن کے ایک ہی مارچ کے خوف سے بوکھلاگئی ہے ،مذاکرات کی آڑ میں عمران نیازی اب کسی ایمپائرکی انگلی کی طرف پھر دیکھ رہاہے ،انہوں نے کہاکہ ایک طرف تو سلیکٹڈ وزیر اعظم مذاکراتی ٹیم بناکر عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہے ہیں تو دوسری جانب وہ اپنی بڑھکوں کو بھی جاری رکھے ہوئے ہیں ، اب حکمرانوں کے جانے کی گنتی شروع ہو جائے گی،انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ مریم ، نواز شریف اور شہباز شریف بھی ہونگے ، الوداع کہنے اسلام آباد ا ٓرہے ہیں کوئی رکاوٹ نہیں قبول ہونگی ۔دریں اثنا قصبہ نورکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاحکومت اپنی ساکھ کھو چکی ہے اوراپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے نا اہلی کا ملبہ اداروں پر ڈال رہی ہے ،2020 الیکشن کا سال ہو گا،27 اکتوبر کو کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی منائیں گے اور31 اکتوبر کو آزادی مارچ میں شرکت کر کے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ،حکومت شکنجے میں آنے کے بعد مذاکرات کا لالی پاپ دے رہی ہے ، اسلام آباد جلسہ میں اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرینگے ،لیگی کارکن چٹان کی طرح اپنے بیانیئے ووٹ کو عزت دو کے ساتھ کھڑے ہیں، تمام سٹیک ہولڈر ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں۔سرگودھا میں کنونشن سے پرویزرشید،اور خرم دستگیرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوامی قیادت کو جیلوں میں ڈال کربانسریاں بجانے والوں کایوم حساب قریب ہے ، خود پی ٹی آئی والے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو نالائق کہتے ہیں انہوں نے کہاکہ مولانافضل الرحمن کے مارچ میں شرکت پر ہمیں سڑکوں پر قتل کی دھمکیا ں دی جارہی ہیں ۔ایک بیان میں مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہانالائق اور نااہل وزیراعظم سیاسی، معاشی اور قومی امور سنبھالے میں مکمل ناکام ہو چکے ۔