اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعارف علوی کو صدرپاکستان کے منصب کیلئے پارٹی کا امیدوارنامزدکردیا،ڈاکٹر عارف علوی تحریک انصاف میں انتہائی سرگرم رہے ہیں اور دھرنے کے دنوں میں بھی کپتان کے ساتھ کھڑے تھے ۔تحریک انصاف کے میڈیا سیکرٹریٹ کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے پارٹی کے مرکزی رہنما رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کو صدر مملکت کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف کا امیدوار نامزد کرنے کی منظوری دے دی ہے ،صدر مملکت پاکستان کے لئے انتخاب 4 ستمبر کو عمل میں لایا جائے گا ،تحریک انصاف کے نامزد کردہ صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی پیشے سے دانتوں کے ڈاکٹر اور تحریک انصاف کے بانی اراکین میں سے ہیں۔وہ 29 جولائی 1949 الہی علوی کے گھر پیدا ہونے والے عارف الرحمن علوی تحریک انصاف کے بانی ممبران میں سے ہیں۔عارف علوی نے عملی سیاست کا آغاز 1997 سے کیا اور پہلی بار کراچی سے صوبائی کے حلقے پی ایس 114 سے الیکشن لڑا اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔عارف علوی پہلی بار 2013 میں قومی اسمبلی کے حلقہ 250 سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے اور دوسری بار این اے 247 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے ۔69سالہ ڈاکٹر عارف علوی 2006 سے 2013 تک پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل رہے اور اس وقت تحریک انصاف سندھ کے صدر ہیں۔