واشنگٹن(نیوزایجنسیاں ) امریکہ نے وزیراعظم عمران خان کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان سے کشمیر جانے خواہشمند افراد کو خبردار کیا تھا۔ امریکی قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے عمران خان کے بیان کو’واضح اور اہم‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے بیان سے اتفاق کرتے ہیں کہ پاکستان سے کوئی بھی عسکریت پسند اگر کشمیر میں تشدد کی کارروائی کرے گا تو وہ پاکستان اور کشمیر دونوں کا دشمن ہوگا۔عمران خان کے بیان کو سراہتے ہوئے ایلس ویلز نے کہا امریکہ وزیر اعظم کے بیان سے اتفاق کرتا ہے ۔ پاکستان کی جانب سے ہر قسم کے دہشتگرد گروہوں کو ختم کرنے کا عزم خطے کے استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے ۔خیال رہے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ جو کوئی مقبوضہ کشمیر میں جاکر لڑے گا وہ کشمیریوں پر ظلم کرے گا اور کشمیر کاز کو نقصان پہنچائے گا۔