اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے پاکستان و آزادکشمیر کی سیاسی قیادت کو خطوط لکھے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ 5 اگست کو یوم سیاہ منا کر بھارت کے حربوں کو ناکام بنایا جائے ، وزیراعظم نے قانون ساز اسمبلی سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خطاب کی دعوت دی ہے ۔انہوں نے خط میں کہا کہ بھارت نے 5 اگست2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے آئینی دہشتگردی کی،دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا مکروہ چہرہ دکھانے کی ضرورت ہے ۔ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی جابرانہ اقدامات کا مقصد آبادی کے تناسب کو بدلنا ہے ۔وزیراعظم نے جن رہنمائوں کو خطوط لکھے ان میں وزیراعظم عمران خان،اپوزیشن لیڈر شہباز شریف ،بلاول بھٹو زرداری ،مولانا فضل الرحمن ،چودھری شجاعت شامل ہیں۔مصطفیٰ کمال ،اسفند یار ولی ،محمود اچکزئی ،جام کمال ،نواب اسراراللہ زہری ،عامر خان اور پیر صبغت اللہ شامل ہیں،وزیراعظم آزادکشمیر نے چیئرمین سینٹ اور پاکستان بار کونسل کے چیئرمین کو بھی خطوط لکھے ہیں۔وزیراعظم نے آزادکشمیر کی سیاسی اور حریت قیادت کو بھی خطوط لکھے ہیں۔