کابل(این این آئی) افغانستان نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کیا ہے جس میں انہوں نے غیر ملکی افواج کے نکلنے سے پہلے افغانستان میں ایک سیاسی حل کے لئے کوششیں تیز کرنے کا اعلان کیا تھا، پاکستان کے لئے افغان صدر کے نمائندہ خصوصی عمر داودزی نے اتوار کو کہا کہ افغان عوام کو شدت سے عملی اقدامات اور نتیجہ خیز اقدامات کا انتظار ہے ، داودزی نے ایک ٹویٹ میں کہا "میں وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کرتا ہوں جس میں انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے نکلنے سے پہلے وہ ایک سیاسی حل کے لئے سہولت کار کا کردار ادا کرینگے " ۔افغان نمائندہ خصوصی نے مزید کہا "وزیر اعظم آپ کا شکریہ" یاد رہے کہ وزیر اعظم نے جمعہ کو ایک غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ تھا کہ پاکستان غیر ملکی افواج کے افغانستان سے نکلنے سے پہلے ایک سیاسی حل کی کوشش کر رہا ہے تاکہ افغانستان کو خانہ جنگی سے بچایا جائے ۔دریں اثنا افغانستان کے لئے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے افغان عمل پر بات چیت کیلئے ایک نئے دورے کا آغاز کیا اور اتوار کو انہوں نے کابل میں افغان رہنماؤں سے مذاکرات شروع کئے ہیں ۔امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیاکہ وہ افغانستان کے علاوہ قطر اور خطے کے دیگر ممالک کا دورہ کرینگے ، ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ قطر میں طالبان اور افغان حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ ملاقاتوں میں ان پر بین الافغانی مذاکرات میں پیش رفت پر زور دینگے ۔ خلیل زاد افغان رہنمائوں کو غیر ملکی افواج کے نکلنے کے بعد بھی امریکی امداد اور حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرینگے ، خطے کے ممالک کے رہنماوں سے ملاقاتوں میں امن عمل اور علاقے میں تجارتی اور سرمایہ کاری سے متعلق بھی گفتگو ہوگی۔ کابل میں افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق زلمے خلیل زاد نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات میں امن عمل کو تیز کرنے پر گفتگو کی ۔