ملتان(سپیشل رپورٹر)سینئرسیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ عملی طورپرملک میں جوڈیشل مارشل لا چل رہا ہے جوکہ مشرف کے مارشل لا سے بھی بدترہے ، مہنگائی سے تنگ عوام سیلاب کی صورت میں سڑکوں پرآئیں گے اوردسمبرتک مجھے عمران خان حکومت میں نظرنہیں آرہے ، درجنوں ویڈیوز ایسی ہیں جوپوری دنیا میں پھیل چکی ہیں ، مادرملت فاطمہ جناح نے ڈکٹیٹرایوب خان کا جس طرح مقابلہ کیا تھا اسی طرح قوم کوڈکٹیٹروں کا مقابلہ کرنا ہوگا ، سینٹ کے چیئرمین بھی سلیکٹڈ ہیں ، عوام کوووٹ کا حق نہ ملا توسلیکشن کمیٹی بھی نہیں رہے گی ۔ملتان میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس معاشی ٹیم ہی نہیں جس سے بحرانوں میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے ، آئی ایم ایف نے ریکوری پہلے شروع کر دی ہے قسطیں بعد میں دے رہے ہیں ، اکتوبر سے پہلے ٹیکسز کا ایک اور سیلاب آئیگا ، عمران نے اپنی جان بچالی لیکن عوام کو خودکشی پر مجبور کردیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی کوئی بھی کل سیدھی نہیں، بدترین انتقام جاری ہے ، نیب احتساب نہیں انتقام کا کام کرتی ہے ، وزیر اعظم امریکہ جائیں گے اب امریکہ کے بھی اپنے مطالبات ہونگے ۔