لاہور؍ اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍ سپیشل رپورٹر) وزیراعظم سے امریکی وزیر تجارت نے ملاقات کی۔مزیدبرآں وزیر اعظم سے مصر کے کمانڈر ان چیف اور وزیر دفاع وفوجی پیدوار جنرل محمد احمد ز کی نے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم نے مصر کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا وہ صدر سیسی کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔وزیراعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا اس صورتحال نے 80 لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کی جانوں کو بری طرح متاثر کیا۔دریں اثنا وزیر اعظم سے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی۔ یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹس یاکروناوائرس سے متعلق کوئی بھی معاملہ زیربحث نہیں آیا، ہیلتھ انشورنس کارڈزکی توسیع اورصوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبے زیرغورآئے ۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر آج قطر جائیں گے اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے خصوصی ملاقات کریں گے ۔ دورے کے دوران دو طرفہ تجارت اور توانائی کے شعبے میں تعاون پر بھی بات چیت ہوگی۔