لاہور،حیدرآباد،اسلام آباد( این این آئی،نیٹ نیوز)مسلم لیگ (ن) کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے عمران صاحب سب کوجیلوں میں ڈال دیں لیکن لوگوں کو روٹی دیں ، پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دیں۔یہ کیسا کپتان ہے جو کہتا ہے مخالف ٹیم کی وجہ سے میں میچ ہار گیا ہوں،آپ میچ اس لئے ہار رہے ہیں کہ آپ نالائق ہیں۔ آپ کان کھول کر سن لیں کہ آپ کی حکومت اس قابل نہیں کہ اسے گرایا جائے ، آپکی حکومت ہر لحاظ سے گری ہوئی حکومت ہے ، آپ کی حکومت کھڑی کب ہوئی تھی جو کوئی گرائے گا،عمران صاحب آپ کی زبان، نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے آپ کی حکومت کبھی کھڑی نہیں ہو سکتی، عمران صاحب کیوں ہر روز ہارے ہوئے شخص جیسی تقریر کرتے ہیں،آج پھر شہباز شریف کے گھروں کے منصوبے کو بلوچستان تک پہنچانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہاخالی برتن صرف شور مچا سکتا ہے ۔چور چور، ڈاکو ڈاکو کا چورن نہیں بک رہا، خان صاحب گزشتہ بیس سال سے آپ قوم کو صرف مسائل بتا رہے ہیں لیکن آپ اتنے نالائق ہیں کہ نو ماہ میں ایک بھی مسئلہ کا حل تو کیا طریقہ بھی نہیں بتا سکے ۔ 72 سالوں میں کسی نے ملک کو اتنا نہیں ڈبویا،عمران صاحب کی حکومت کے صرف نو مہینوں میں ملکی قرضہ 30ہزار ارب ہو گیا ، اتنا قرضہ کس کی جیب میں جا رہا ہے ۔عوام اﷲ تعالی سے رو رو کے واپس پرانے پاکستان میں جانے کی دعا کررہے ہیں۔آپ کے سیاسی انتقام اور بغض کا یہ عالم ہے کہ کوئٹہ سانحہ کے شہیدوں کا ذکرتک نہیں کیا ۔ عمران صاحب علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور اپنے دائیں بائیں لوٹ مار کرنے والوں کا شاید ذکر کر رہے تھے ،نو ماہ میں پاکستان کے قرضے بڑھے لیکن عمران صاحب، علیمہ باجی، جہانگیر ترین کی دولت اور جائیدادوں میں اضافہ ہوا۔ خبردار کررہی ہوں گھروں کے نام پر قوم سے تاریخی فراڈ ہونے جارہا ہے ، غریب ایک روپیہ نہ دیں،غریبوں کے پیسوں سے وزیراعظم ، جہانگیر ترین، علیمہ باجی اور انیل مسرت کے گھر بنیں گے ۔،عمران صاحب آپ کے 60کروڑ کے اثاثے اربوں روپے مالیت کے کیسے ہو گئے ؟۔ادھر حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا موجودہ حکومت نے وزیر خزانہ ہمارے دور والا لے لیا ہے ، وزیراعظم بھی ہمارا لے کر آئیں، پھر مسائل حل ہوں گے ۔ ہم پر تنقید کرنے پر اخود معافی مانگیں، آپ کی حکومت میں سر درد کی گولی تک نہیں ملتی۔اب ہمارے دور کی معیشت پر تنقید درست نہیں ہے ۔ اسد عمر کو نکالنے پر پہلی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، ہم وزیراعظم کو بھاگنے نہیں دیں گے ۔ ہم کہتے ہیں کہ بسم اﷲ اپنی مدت پوری کرو، دنیا بھر میں بھیک مانگ رہے ہیں، ہاؤسنگ سکیم کیا دیں گے ۔وزیراعظم اپنی ٹیم سے دلبرداشتہ ہو چکے ہیں، ان کی ٹیم میں مزید تبدیلیاں ہوں گی۔ پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہاتبدیلی کی دیوار سے اینٹیں سرک رہی ہیں، بے سمت حکومت زیادہ عرصہ چلتی نظر نہیں آ رہی، تباہی کے ذمہ دار صرف وزیراعظم ہیں۔ شیری رحمٰن نے کہا عمران خان کی حکومت گرانے کی کسی کو کوئی ضرورت نہیں، یہ خود گرینگے ۔