لاہور، اسلام آباد، پشاور (سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے حکومت کی سو دن کی کارکردگی کے بعد اپوزیشن کوحکومت گرانے کے لئے وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں۔ عمران صاحب آپ اورآپ کی ٹیم ہی آپ کی حکومت کے لئے کافی ہیں ۔عوام کے لئے اصل لمحہ فکریہ عمران صاحب کا قبل ازوقت الیکشن کرانے کا بیان ہے ۔عمران صاحب اور ان کی ٹیم کو معلوم ہوچکا ہے کہ حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں۔ اپنی حکومت پر عدم اعتمادرکھنے والے وزیراعظم کو د ایک منٹ بھی وزیراعظم کی کرسی پرنہیں بیٹھنا چاہیے ۔ علاوہ ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا مدت پوری کرنے کی بجائے دوبارہ انتخابات کرانے کا وزیراعظم کا بیانیہ انتہائی غیرذمے دارانہ ہے ۔ وزیراعظم کے کمزور فیصلوں سے ملک کی معیشت پہلے ہی تباہ حال ہے ۔ قبل از وقت انتخا بات کرانے کا بیان ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرنے کے مترادف ہے ۔ وزیراعظم اپنی اور اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تو سرعام اظہار تو نہ کریں کیونکہ وزیراعظم کے اس طرح کے بیانات سے مایوسی پھیلا رہے ہیں۔ ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے کہاعمران خان کہتے ہیں انہیں ٹی وی سے معلوم ہوا روپے کی قدر گر رہی ہے ،عمران خان احتساب سے متعلق اتنے سنجیدہ ہیں تو احتساب کمیشن کو کیوں بندکیا۔