اسلام آباد،لاہور (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے کہا ہے عمران صاحب ٹی وی لگالیں آپ کی حکومت نے قوم کو مقروض کرنے کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم کردیا ہے ،نالائق اور نااہل حکومت جھوٹ پر جھوٹ بول کر معیشت ٹھیک کرنے کیلئے پرعزم ہے ،حکومت کی سب سے بڑی اور نمایاں ترجیحات میں جھوٹ بولنا، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہے ۔ ملکی معیشت پر حکومتی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہااس تباہی کی ذمہ دار نالائق حکومت ہے جس نے ایک سال شش وپنج اور کنفیوژن میں ضائع کیا۔ ایف بی آر نے کہا 5.5کھرب کا ریونیو ہدف حاصل نہیں ہوسکتا، کیوں جھوٹ بولتے ہیں۔نالائق اور نااہل حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کم ترین ریونیو جمع کرنے کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے ، عمران صاحب جولائی میں حکومت نے گزشتہ برس سے 159 فیصد زائد قرض کیوں لیا؟۔ جولائی میں حکومتی قرضوں میں 12 کھرب 37 ارب کا اضافہ آپ کی نالائقی اور نااہلی کا اعلان ہے ، روپے کی تاریخی34 فیصد بے قدری کے باوجود گزشتہ جولائی میں برآمدات صرف 1.9 بلین ڈالر تھیں، امیر ٹیکس دینے میں پیچھے ہیں اِس لئے 300 ارب جی آئی ڈی سی اور چار ارب ایتھنول کی مد میں امیروں کا ٹیکس معاف ۔ صرف جولائی میں1.23کھرب روپے ریکارڈ قرض بڑھا اس کا ذمہ دار کون ہے ؟، عمران صاحب سٹیٹ بنک بتارہا ہے قرضوں کا حجم 330 کھرب 24 ارب تک پہنچ گیا۔سابق سپیکر ایاز صادق نے کہاحکومتیں تو جنگوں میں بھی تبدیل ہو جاتی ہیں اس لئے جو پاکستان کے مفاد میں ہے وہ ہونا چاہیے ،میری ذاتی رائے ہے کہ مارچ اور دھرنے میں شرکت کرنی چاہیے ۔