اسلام آباد(نامہ نگارنیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پی ٹی ڈی سی کے ہزاروں ملازمین کو نوکری سے نکالنے کی مذمت اور شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی آٹا پیٹرول چور مافیا نے پورا ملک منجمد کر دیا ہے ۔چور ، اْچکے ، ڈاکو ، جھوٹے اور دہری شہریت والے ملک پر مسلط ہیں ،عمران صاحب نے سیاحت کے فروغ کا نعرہ لگا کر پی ٹی ڈی سی عملے سے نوکریاں چھین لیں ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب شمالی علاقہ جات میں پی ٹی ڈی سی کے تمام موٹلزبند کرکے آپ نے ایک اور یوٹرن لے لیا۔میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا نیب نے جو تفتیش کرنی ہے ٹی وی کا کیمرہ لگا کر کرے ،عدالتی کارروائی بھی ان کیمرہ ہونی چاہیے ،کوئی شہادت نہیں، کوئی کیس نہیں بس دبانے کیلئے نیب استعمال ہو رہا ہے ، پرویزاشرف بارہ سال بعد بری ہوئے ،بارہ سال جو بے عزتی ہوئی اس کا کو ن ذمہ دار ہے ،پہلے ایک سال تفتیش ہوتی رہی، سوالنامے پر سوالنامہ بھر کر دیا،گرفتار کیا گیا، کوئی جواز نہیں دیا گیا،70 دن نیب نے ریمانڈ لیا، ایک سوال نہ کیا، 8 ماہ کے قریب کسٹڈی میں رہا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے انسانی حقوق کے ایشو پر ضمانت دی،ایک سال ہوگیا، کوئی الزام نہیں لگ سکا،اس کیس میں پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی کے مالکان ملوث کئے گئے ہیں۔ایک انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہامائنس عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری نہیں،ہم غیر آئینی طریقے کی حمایت نہیں کریں گے ، جمہوری طریقے سے حکومت جاتی ہے تو چلی جائے ، عمران خان کی ساکھ سو فیصد ختم ہوچکی۔