اسلام آباد(این این آئی)ایم کیو ایم کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں ایک اور پیش رفت ہوئی ہے ، عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی حکومت نے ایف آئی اے کے خط کا جواب دے دیا ہے ۔خط کے جواب میں برطانوی حکومت نے بتایا ہے کہ کیس میں برطانوی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور 3 تا 7 فروری ہینڈن مجسٹریٹ کورٹ لندن میں وڈیولنک پرگواہوں کے بیانات لیے جائینگے ۔ذرائع کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق دن 2 بجے برطانوی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائینگے ۔ذرائع نے بتایا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے گواہوں کی فہرست تبدیل کردی ہے جس کے بعد 33 کی بجائے 17 برطانوی گواہوں کے بیان ریکارڈ کرائے جائیں گے ،ویڈیو لنک پر مقتول عمران فاروق کی اہلیہ کا بیان بھی رکارڈ کیا جا ئیگا۔ذرائع نے بتایا کہ بیانات کی ریکارڈنگ کیلئے انسداد دہشتگردی عدالت میں وڈیو لنک کے انتظامات کیے جا ئینگے ۔یاد رہے کہ 50 سالہ ڈاکٹر عمران فاروق 16 ستمبر 2010 کو لندن میں اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ انہیں گرین لین کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔