لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی پی نے چار بار جبکہ ن لیگ نے اس ملک میں تین بار حکومت بنائی، جب ہم نے حکومت بنائی تو اس ملک پر 30ہزار ارب کاقرضہ چڑھایا جا چکا ہے ،عمران خان اس ملک کو دلدل سے نکالنے کی جتنی کوشش کررہا،کوئی نہیں کررہاہے ۔پروگرام جواب چاہئے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کرتارپور ر اہداری کھول کر عمران خان نے دنیا کے سا منے بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا،ہمارے لیڈر نے خداکا شکر ہے ملک کے دوٹکڑے نہیں کئے ، پاکستان تبدیل ہوگا اورعمران خان کو دوبارہ مینڈیٹ ملے گا، ہم ساری باتیں نہیں بتا سکتے لیکن ہم بھارت کے سو ٹکڑے کرائیں گے ۔ن لیگ کے رہنما جنرل ریٹائرڈ عبدالقادربلوچ نے کہا عوام اگر سڑکوں پر ہیں اور حکمرانوں کو بددعائیں دے رہے ہیں تو یہ حکومت کی ناقص کارکردگی ہے ،ملک کا اصل مسئلہ مہنگائی ہے جس کو روزگار سے کم کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا ا س میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے دور میں ملکی قرضے میں گیارہ ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا لیکن ان کے ایک سال کے دوران انہوں نے سا ت ہزار ارب روپے کا قرضہ لیا ہے ۔پیپلزپارٹی کی رہنما ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا حیرت کی با ت ہے کہ مشیر خزانہ نے کہاکہ حکومت کا کام روزگار دینا نہیں،یہ اتنی جلدی اپنے وعدے بھول گئے ہیں لیکن ہم تو نہیں بھولے ،کرتارپور پر اگر 14 ارب روپے لگے ہیں تو عوام حکومت سے پوچھنے کا حق رکھتی ہے ۔ا نہوں نے کہا کشمیر پر عمران خان نے سوائے ایک تقریر کے کچھ نہیں کیا، خدارا عمران خان خود کا بھٹو سے موازنہ نہ کریں، وہ تو یوٹرن خا ن ہیں۔