لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس کا کہنا ہے عمران خان پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکال لیں گے ۔ وقار یونس نے میڈیا سے آن لائن گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں لوگوں کو کورونا کے ساتھ ساتھ غربت سے بھی لڑنا ہے ، وزیراعظم عمران خان جیسا حکم دیں گے اس پر عمل کروں گا، وقار یونس نے عوام سے درخواست کی کہ گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔سابق کپتان کا آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کے حوالے سے کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بغیر تماشائیوں کے کر انے کا سوچا جاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ شرجیل خان کو اپنی فٹنس پر کام کرنا ہوگا ان کے پاس ابھی بھی بہت وقت ہے جب کہ سرفراز احمد کی پرفارمنس پی ایس ایل میں تسلی بخش نہیں رہی۔ وقاریونس نے مزید کہا کہ کراچی کے کھلاڑیوں کو پسند نہ کرنے کی بات میں کوئی صداقت نہیں ، وزیراعظم عمران خان پر بھروسہ ہے ان کی ٹائیگر فورس میں کام کرنے کو تیار ہوں ، جیسا حکم دیں گے اس پر عمل کروں گا، کھلاڑیوں کو ٹریننگ پروگرام دے دیا کہ کس طرح آئسولیشن میں رہ کر کس طرح کام کرنا ہے ۔