اسلام آباد؍ سیالکوٹ (وقائع نگار خصوصی؍مانیٹرنگ ڈیسک )معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دو ، دوٹکے کے لوگ ٹاک شو میں کہتے ہیں کہ حکومت فیل ہو گئی، جن کو گھر والے نہیں پوچھتے ، وہ کہہ رہے ہیں کہ حکومت ناکام ہوگئی۔سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں جمہوریت کے نام پر ذاتی مفادات کاتحفظ کیا گیا ، ماضی میں لوگوں نے سیاست کے نام پر کاروبار بنا کرلوگوں کو لوٹا، گزشتہ 10 سال پنجاب میں ن لیگ کی حکومت عذاب کی طرح لوگوں پر نازل ہوئی۔انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے خزانے کو بھرا،چوروں کا ٹولہ چندہ لے کر حکومت کیخلاف احتجاج کی تیاری کررہا ہے ،نسل در نسل سیاست کرنے والے عوام کو گمراہ کررہے ہیں، خود کو جمہوریت کا چیمپین کہنے والے خورشید شاہ نیب کی حراست میں ہیں،اس وقت ملک کو استحکام کی ضرورت ہے ،مولانا فضل الرحمان 22نمبر بنگلے کیلئے بے چین ہیں۔علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان عام آدمی کے ساتھی ہیں اور اس کا معیار زندگی بلند دیکھنا ان کا نصب العین ہے ، احساس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے غریبوں کو غربت کی لکیر سے نکال کر انہیں معاشی ترقی کا حصہ بنانا اور عدم مساوات کا خاتمہ ہے ، صحت کارڈ سے ملک میں ایک کروڑ پانچ لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے ۔