لاہور؍ اسلام آباد(خصوصی نمائندہ؍ خصوصی نیوز رپورٹر؍سپیشل رپورٹر؍این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے ہر ممکن طبی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو ہسپتال میں نواز شریف کیلئے سہولیات سے آگاہ کیا جبکہ عمران خان نے نواز شریف کے ذاتی معالج سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو محکمہ صحت کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا نوازشریف کو بہترین طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں اور محکمہ صحت کے حکام ، ہسپتال انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہوں۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کوہدایت کی ہے نوازشریف کے خاندان کی مرضی کے مطابق علاج کی بہترین سہولیات دی جائیں۔ انہوں نے کہا وزیراعظم نے ان کی صحت یابی کیلئے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا ہے ۔معاون خصوصی نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی پاکستانی طرف سفارتکاروں اور میڈیا کے دورے نے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا دیا، کھلی دعوت کے باوجود بھارتی ہائی کمیشن کے سفارتکار کا دورے سے راہ فرار بھارتی جھوٹ پر مہر ہے ،بھارتی آرمی چیف کو اپنے جھوٹ پر پوری دنیا سے معافی مانگنی چاہئے ۔