اسلام آباد ( راجہ کاشف / سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے وزارت داخلہ کا قلمدان اپنے پاس رکھنے کے اعلان کے بعد وزارت داخلہ کے ماتحت اداروں میں تعینات افسران میں کھلبلی مچ گئی جبکہ ایف آئی اے ، نادرا ، پولیس ، ضلعی انتظامیہ ،کوسٹ گارڈز ، اے این ایف ، ایف سی ، نیکٹا اورسول دیفنس میں اصلاحات کے امکان کے باعث ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے وزارت داخلہ کا قلمدان پاس رکھنے کے اعلان کے بعد بعض افسران نے تبادلوں کیلئے کمر کس لی جبکہ بعض افسران تبادلے رکوانے کیلئے کوشش میں لگ گئے ۔ پولیس اور ایف آئی اے کے افسران میں زیادہ تذبذب پایا جا رہا ہے ، تصور کیا جا رہا ہے کہ وزیر اعظم کی سب سے زیادہ توجہ ایف آئی اے اور پولیس پر ہو گی جس کیلئے کئی افسران زد میں بھی آ سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں امیگریشن اینڈ پاسپورٹ اور نادرا کے افسران میں بھی تبادلوں اور سزاؤں کا خوف پایا جا رہا ہے ، سول ڈیفنس کے 40سے زائد ملازمین کو گزشتہ 2برس سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں تاہم عمران کا وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے کے اعلان پر ان ملازمین کو امید کی کرن نظر آئی ہے ۔