اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)نومنتخب وزیراعظم عمران کو چینی وزیراعظم لی کی چیانگ اور کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹیلی فون کیا اور وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔ نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو کینیڈین ہم منصب جسٹن ٹروڈو نے ٹیلیفون کیا اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے عمران خان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کی مبارکباد دی۔ کینیڈین وزیراعظم نے عمران خان کے کرکٹ اورسیاست میں کردارپرتعریف کی جبکہ دونوں رہنماؤں نے عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ترجمان وزیر اعظم ہائوس کے مطابق چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ نے پیر کو وزیر اعظم عمران خان کو ٹیلی فون کرکے حکومت بنانے پرمبارکباد دی اورتعلقات کومزید بہتر بنانے کیلئے مل کرکام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ چینی وزیراعظم نے عمران خان کو چین کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین اورپاکستان ہرموسم کے دوست ہیں ، امید ہے سی پیک مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا تحریک انصاف کے دورحکومت میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ، پاکستان چین کے سماجی شعبوں ، کرپشن و غربت کے خاتمہ کیلئے تجربات سے مستفید ہونا چاہتا ہے ، سی پیک نیشنل پراجیکٹ ہے اورترجیحات میں شامل ہے ، پاکستان کی ترقی میں چینی ورکرز کا کردار قابل ستائش ہے ۔عمران خان نے کہادونوں ممالک کے مابین نئی حکومت دوستی کو عظمتوں کی نئی بلندیوں تک لیکر جائے گی، دوسری طرف ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے بھی نومنتخب وزیراعظم کو خط لکھا اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہونگے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں ترقی کی نئی منازل طے کرے گا۔