کراچی،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ڈو مور کی باتیں اب نو مور میں بدل گئی ہیں، یہ عمران خان کی فتح ہے ۔گزشتہ روزکراچی میں کونسل آف نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے دفتر میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کو دستاویزی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ بے روزگاری کی مشکل، قرضے اور مہنگائی کے سمندر میں ڈوبنے والی قوم کیلئے عمران خان امید بن کر سامنے آئے ۔ ملک کو بھیک اور قرضوں سے نہیں ٹیکسوں سے چلانا ہے ۔ملکی مالی مشکلات کے ذمہ دار سابق حکمران ہیں۔ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو کریڈٹ کارڈ کی طرح استعمال کیا۔ پاکستان دوست ممالک کی مدد سے بلیک لسٹ ہونے سے بچا ہے ، تبدیلی کو سپورٹ کریں، یہ تبدیلی زندگیوں کو بدل دیگی۔اخباری صنعت میں ویکیوم کلینر چلانے کی ضرورت ہے ، الفاظ جہاں ملک کا دفاع کرتے ہیں وہیں غیر ذمہ دار الفاظ قومی بیانیے کو تبدیلی کرسکتے ہیں، ان گائیڈڈ میزائل کا خمیازہ ملک اور قوم کو بھگتنا پڑتا ہے ۔ میڈیا اکیڈمی کے قیام کیلئے سی پی این کے تمام ممکنہ تعاون کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے سی پی این ای کے پیش کردہ مطالبات پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اور رکن قومی اسمبلی صائمہ ندیم پر مشتمل 2 رکنی کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا اور کہا کہ ایڈیٹرز کا فورم انتہائی اہم ہے جبکہ میڈیا کا نقصان حکومت کا بھی نقصان ہے ۔ سارے مطالبات حقوق سے جڑے ہیں۔ اس موقع پر سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل جبار خٹک، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عامر محمود اور سابق سیکرٹری جنرل اعجاز الحق بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں جبار خٹک نے کہا کہ یہی میڈیا پی ٹی آئی کی بھی آواز بنا تھا۔ مہنگائی کی وجہ سے اشتہارات کو کنزیومر پرائس انڈیکس سے منسلک کیا جائے ، سرکاری اشتہارات کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔ اخبارات کو 85 فیصد ادائیگی براہ راست دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے مگر جلد عمل کی ضرورت ہے ۔ نیوز ایجنسیوں کی وفاقی گرانٹ بحال کی جائے ۔ علاوہ ازیں کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران پاکستان کے بیانیہ کو تحفظ دینے امریکہ گئے جبکہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے بیانیے کی حمایت کی ہے ۔ملک دشمنوں کی سازشیں دم توڑرہی ہیں،وزیراعظم اورامریکی صدرکی ملاقات کے پاکستان باالخصوص خطے پر مثبت اثرات رونما ہونگے جبکہ اپوزیشن 25 جولائی کو یوم سیاہ اور قوم یوم احتساب کے طورپرمنائیگی،سب دیکھیں گے عوام کس کیساتھ ہیں۔اوورسیز پاکستانیوں نے بھی پاکستان مخالف بیانیے کو رد کردیا ۔سندھ میں تبدیلی عوام کے ووٹ کیساتھ جڑی ہوئی ہے ۔سندھ میں جمہور دم توڑ چکا ہے اور ایڈز ذدا ہوکے ختم ہورہا ہے ۔ آج جمہور پینے کے صاف پانی کو ترس رہا ہے ۔ رائیونڈکی فیملی پر پھر کسی وقت بات ہوگی۔ سیاست پر رنگ چڑھانے کیلئے ہمیں بین الاقوامی سطح پر کوئی ایسے کندھے تلاش نہیں کرنے چاہئیں جن پر سوار ہو کر پاکستان کو کمزور کرنے کی کوششوں میں حصہ دار بناجائے ،میموگیٹ میں ملوث شخص ملک کیخلاف سازشیں کررہے ہیں۔ گھوٹکی کے ضمنی انتخابات کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہورہا ہے ، الیکشن کمیشن کے نوٹسز کا مذاق اڑایا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکہ کی تاریخ میں سب سے بڑے اوورسیز اجتماع سے خطاب عمران خان کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔