اسلام آباد،لاہور،کراچی (خصوصی نیوز رپورٹر، لیڈی رپورٹر، سٹاف رپو رٹر،خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب پر ردعمل میں ملک کی سیاسی قیادت نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر عوامی جذبات کی ترجمان تھی۔ انہوں نے کشمیر کا مقدمہ بہترین انداز میںپیش کیا اور قوم کا سرفخرسے بلند کردیا۔معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مظلوم کشمیریوں کی آواز دنیا کے بڑے سفارتی فورم پر موثر انداز میں پہنچائی۔ وزیراعظم کی تقریر جاندار تھی، پاکستانیوں کے سر فخر سے بلند کر دیئے ۔ وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پوری دنیا کو یہ پیغام گیا کہ پاکستان کسی صورت بھی کشمیر پر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا، عمران خان نے بھارت کا گھنائونا چہرہ دنیا کے سامنے رکھ دیا ۔پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا کہ عمران خان مسلم مدبر کے طور پر بولے اور اُمہ کے درد کو زبان دی۔سفیر کشمیر ہونے کا حق ادا کردیا جبکہ بھارتی مظالم پر عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا۔سابق وزیر خارجہ حناربانی کھر نے کہا کہ وزیر اعظم ایسے بولے جیسے بولنا چاہیے تھا۔ ن لیگی رہنما سینیٹرمشاہد حسین سید نے کہا کہ وزیر اعظم کی تقریر حقیقی پاکستانی کی تقریر اور وقت کی ضرورت تھی ، نریندرمودی کا فاشسٹ چہرہ بھی بے نقاب کیا۔کشمیری رہنما مشعال ملک نے کہا کہ اب ساری ذمہ داری اقوام متحدہ اورعالمی رہنمائوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ہندوستان کی دہشت گرد پالیسی کا ساتھ دیتے ہیں یا نہتے کشمیریوں کا۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ عمران نے کشمیر کا مقدمہ اچھے انداز میں پیش کیا لیکن کشمیر ان کی تقریر کا محور نہیں تھاتاہم کشمیریوں کے جذبات کی عکاسی کرتا ہے ۔سردار عتیق احمد خان نے کہاکہ عمران خان کے خطاب سے اقوام متحدہ حرکت میں آ ئیگی ۔ رکن آزاد کشمیر اسمبلی غلام محی الدین دیوان،نورین عارف، ناصرڈار نے کہاکہ عمران خان نے نڈر ہوکر خطاب کیا۔ کشمیر میں مظالم کی بالکل درست عکس بندی کی ۔قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری نے عمران خان کی تقریر کو شاندار قرار دیتے ہوئے مبارکباد دی ہے ۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ جنرل اسمبلی میں بھرپور انداز میں پیش کیا ۔ فنکشنل مسلم لیگ کی نصرت سحرعباسی نے کہا کہ عالمی سطح پر کشمیر کی آواز بننے کیلئے عمران خان کی کوششیں قابل تعریف ہیں ۔پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمن نے کہا کہ ہم حکومت کے پیچھے نہیں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔قمرزمان کائرہ نے کہا کہ بد قسمتی ہے بھارت کے کشمیر میں خوفناک مظالم کے باوجود دنیا مودی کے ساتھ کھڑی ہے ۔بابراعوان نے کہاکہ عمران خان مسلم مدبر کے طور پر بولے ۔ انسان دوست بن کر موسمیاتی چیلنج بھی اٹھا ڈالا۔ ترکی سے سپین تک، بنگال سے پرتگال تک، ایشیا سے آسٹریلیا تک، تنازعہ کشمیر پر عمران خان کے دبنگ موقف کا چرچا ہے ۔ انہوں نے یہ شعر بھی ٹویٹ کیا۔ہزار خوف ہوں لیکن زباں ہو دل کی رفیق ۔۔یہی رہا ہے ازل سے ، قلندروں کا طریق (اقبال)