اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ منظور نہ ہونے دینے کا اعلان کرنے والے وفاق اور صوبوں کی ترقی کیلئے سنجیدہ نہیں۔حکومت نے سندھ کیلئے ماضی کے مقابلہ میں 200 ارب روپے اضافی رکھے ہیں۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کی ترقی کو خاص ترجیح دی گئی ہے ۔ اپوزیشن اراکین نے بجٹ سنا نہ ہی پڑھا، پھر کس بنیاد پر اسے عوام دشمن قرار دے رہے ۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے اب عوام کا مزید تیل کیوں نکالنا چاہتے ہیں، نومولود سیاستدان سیاسی بلوغت سے عاری ہیں، انہیں یہ ادراک نہیں کہ یہ بجٹ سندھ سمیت تمام صوبوں کے عوام کے حقوق کے تحفظ کا بھی ضامن ہے ۔سندھ کے بجٹ کا مقدر اسی وفاقی بجٹ سے جڑا ہے ۔ عمران خان کی عداوت میں سندھ کے عوام سے دشمنی نہ کریں۔