لاہور( سپورٹس رپورٹر ) ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کی تین سالہ پابندی کے خلاف اپیل کی سماعت میں بحث مکمل ہو گئی، سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھرنے بطور انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر عمر اکمل کیس پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔انہوں نے نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہونے والی سماعت میں فریقین کے دلائل سنے ، اپیل کی سماعت 3 گھنٹے جاری رہی۔ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھرکی جانب سے فیصلہ سنانے تک پی سی بی اس معاملے پرمزید تبصرہ نہیں کرے گا۔ عمر اکمل اپنے وکلا کے ساتھ پیش ہو ئے جبکہ پی سی بی کی نمائندگی قانونی مشیر تفضل رضوی نے کی۔ عمر اکمل کے وکیل طیب رضوی نے کہا ہے کہ امید ہے کہ انصاف ملے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت عمر اکمل کو دو مختلف اوقات میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر تین سال کی پابندی کی سزا سنائی تھی جسے عمر اکمل نے چیلنج کیا تھا۔