کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے عمران خان نے کشمیریوں کو لاوارث چھوڑ دیا،وہ معیشت اور جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں۔’’سلیکٹڈ‘‘ یا’’الیکٹڈ‘‘ ہم سب کشمیر کاز پر اکٹھے ہوتے تھے لیکن یہ پہلے اور آخری وزیراعظم ہیں جنہوں نے قوم کو کشمیر کاز پر متحد نہیں کیا، عمران خان نے نریندر مودی کی الیکشن مہم میں حمایت کی، وہ مسئلہ کشمیر پر اتحاد قائم کرنے میں ناکام رہے ، موجودہ حکومت نے مسئلہ کشمیراورخارجہ پالیسی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا،کشمیر کے لوگ کورونا سے پہلے سے لاک ڈائون میں ہیں، شوگر اور آٹے کی کرپشن پر ’’سلیکٹڈ‘‘ کو بھی جواب دینا پڑے گا، اگر احتساب کا نظام موجود ہے تو سب کیلئے ایک جیسا ہونا چاہئے ۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ پورے پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے ، صوبہ کرپشن پر چل رہا ہے لیکن میڈیا اسے رپورٹ نہیں کرتا۔ بلین ٹری سونامی، مالم جبہ، پولیو، حج معاملات اور فارن فنڈنگ کیس میں بھی کرپشن ہوئی لیکن نیب خاموش ہے ، جہانگیر ترین بھی بھاگ گیا، ان کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے پی آئی اے کاجہاز بیرون ملک نہیں جا سکتا، نیب وفاقی کرپشن کو سہولت دے رہی ہے جبکہ سندھ کا وزیراعلیٰ ہر ہفتے اسلام آباد میں پیشی بھگتا ہے ، یہ دوہرا نظام ہے ، بی آر ٹی پر سٹے کیوں ہے ؟،اگر ملک میں ایک قانون ہے تو بی آرٹی پر سٹے ختم کیا جائے ۔بلاول بھٹو نے کہا پاکستان میں بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ملک میں ایسا معاشی بحران پہلے نہیں دیکھا ،جو بے روزگار ہونگے ، ان کی مدد کریں گے ۔ بجٹ میں مزدوروں، محنت کشوں، کورونا کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والوں اور ٹڈی دل کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی کچھ نہیں رکھا گیا ٹڈی دل کی وجہ سے کسان بہت متاثر ہو رہے ہیں، سندھ حکومت انہیں سبسڈی دے گی،سندھ میں عوامی بجٹ پیش کرتے ہوئے کم وسائل کے باوجود ڈاکٹرز اور نرسرز کو ریلیف دیا،اربن سینٹر میں بھی چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو قرض دیں گے اورکورونا وبا کے متاثرین کی فیملی کو گرانٹ دلوائیں گے ، ہماری حکومت کم وسائل اور مشکلات کے باوجود پرعزم ہے ، گورننس کا الزام لگانے والے کورونا کے علاج کے حوالے سے ہم سے موازنہ کر لیں، سندھ میں آئی سی یو بیڈز اور ٹیسٹ کی تعداد سب سے زیادہ ہے ، ہم صرف نعرے نہیں لگا رہے بلکہ عملی اقدامات کررہے ہیں، جن کے پاس وسائل نہیں ان کا ٹیسٹ مفت اور علاج کرا رہے ہیں جبکہ وفاق جان بوجھ کر ٹیسٹوں کی تعداد کم کر رہا ہے ، جب ٹیسٹ نہیں کریں گے تو مریضوں کا گراف نیچے ہی جائے گا۔ اسلام آباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک،صباح نیوز )وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے بلاول بھٹوپرچی پرلیڈربنے ، ان کی ساری فیملی کمیشن اوربھتہ خوری سے پہچانی جاتی ہے ،فرزند زرداری کرپشن پربات کررہاتھا، پرچی والے لیڈرنے پریس کانفرنس میں چیخ وپکارکی،سندھ کی ترقی کا پیسہ جعلی اکاؤنٹس میں گیا، آصف زرداری کے اخراجات جعلی اکاؤنٹس، ایان علی اور بلاول بھٹوکے ٹکٹ کے پیسے ایک اکاؤنٹ سے اداہوتے ہیں،بلاول کاچیلنج قبول کرتاہوں، بتائیں کس فورم پرمناظرہ کرناہے ۔بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پرجوابی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکلفٹن کابنگلہ کس پیسے سے بنا،میڈیااوراخبارات چیخ چیخ کربتارہے ہیں،سندھ میں لوگوں کوبھاشن دیا گیا راشن نہیں،کورونامیں سب سے بدترین کارکردگی کامظاہرہ سندھ حکومت نے کیا،وباآئی توتمام حکومتیں عوام کومحفوظ بنانے جبکہ سندھ حکومت ان کے والدکی کرپشن بچانے میں لگی رہی، بلاول زرداری عمران خان پرالزامات لگاکراپناقدبڑھانا چاہتے ہیں، مرادعلی شاہ نے زرداری کی ملوں کوسبسڈی دی،جے آئی ٹی رپورٹ میں مرادعلی شاہ زرداری کے سہولت کارہیں۔انہوں نے کہاعزیربلوچ نے کہا2008سے 2013تک مختلف ذرائع سے اسلحہ خریدا اور لیاری میں مرضی کے افسرتعینات کرائے ، عزیربلوچ نے کہابھتہ کی رقم بلاول کے خاندان کوجاتی تھی جبکہ اویس ٹپی کیلئے 14شوگرملوں پرقبضے کرائے ، شوگرملزمالکان کوآصف زرداری نے ہراساں کیا، بلاول کواس بات کاغصہ تھاکہ سوالوں کاجواب دیناپڑے گا، عزیربلوچ نے لوگوں کے سروں سے فٹ بال کھیلا، تھرمیں بھوک سے بچوں کی ہلاکتیں ہورہی ہیں۔مراد سعید کا کہنا تھا آکسفام رپورٹ میں عمران خان کے سمارٹ لاک ڈاؤن کے وژن کوسراہاگیا، اب دنیا سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جارہی ہے ، لاک ڈاؤن پرپاکستان کی پالیسی کودنیانے سراہا،آپ نے جن غریبوں کامال چھیناعمران خان نے احساس کے ذریعے ان کی مالی مددکی،سپریم کورٹ نے وزیراعظم کوصادق اورامین قراردیا،آڈیٹرجنرل رپورٹ کے مطابق موجودہ دورمیں98فیصدبے قاعدگیوں میں کمی آئی۔ٹویٹر پیغام میں وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی نے کہابلاول زرداری کا تحریک انصاف کی حکومت پر کرپشن کا الزام لگانا مضحکہ خیز ہے ،جس کا باپ پورا ملک کھا گیا وہ بچہ ٹی وی پر بیٹھ کر صداقت کا بھاشن دینے کی ناکام کوشش کر رہا ہے ،،جو خود حرام کی کمائی کھا کھا کر بڑا ہوا ہو وہ صداقت سکھا رہا ہے ،جس کی جماعت قتل و غارت میں ملوث ہے وہ صداقت کی باتیں کررہا ہے ،انہوں نے شاعرانہ انداز اپنایا اور کہا’ضرورت تھی اجالوں کی اندھیرا کردیا تم نے ‘’کہ لفظ رہنمائی کو بھی گمراہ کردیا تم نے ‘’تجارت کر کے لاشوں کی محل تعمیر کرتے ہو‘’غریبوں کے لہو سے دلوں میں رنج بھرتے ہو‘’یہ کمزور آدمی کیا، جانور بھی گھبرائے گا تم سے ‘’جیو گے جب تک، شیطان بھی شرمائے گا تم سے ‘۔