لاہور،اسلام آباد ( وقائع نگار ،92نیوز رپورٹ ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی بہترین پیشرفت پروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکوشاباش دی اور منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔وزیراعظم ایک روزہ دورے پر گزشتہ روز لاہور پہنچے ۔ انہوں نے لاہور میں مصروف دن گزارا ۔وزیراعظم سے وزیر اعلی عثمان بزدار ،وزیر بلدیات میاں محمود الرشید اور وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب بھی موجود تھے ۔وزیراعظم کو صوبے کے سیاسی اورانتظامی امور،امن و امان کی صورتحال اورترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ملاقات میں صوبے میں آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق حکمت عملی، صوبے میں نئے ہسپتالوں کی تعمیر سے متعلق امور پر پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔وزیراعظم نے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی یقینی بنانے کیلئے نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے وزیراعظم کولاہورکے میگا پراجیکٹ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کے بارے میں بریفنگ دی اوروزیراعظم کوایکسپریس وے کا سنگ بنیاد رکھنے کی دعوت دی۔وزیراعظم کاکہنا تھا پنجاب میں نیا پاکستان صحت کارڈ کے تحت سہولیات حکومت پنجاب کا بہترین قدم ہے ۔آنیوالے دنوں میں عوام کی آسانی کیلئے مزید منصوبے لائے جائیں۔وزیر اعظم نے صحت کارڈ کے فوائد اور اسکے موثر استعمال کے بارے میں عوام میں بھرپور شعور اجاگر کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے صوبے میں عام آدمی کو فوری اور موثر خدمات کی فراہمی کیلئے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا عوام کے جان و مال اور مفادات کے تحفظ کیلئے شرپسندوں، ذخیرہ اندوزوں، اور قبضہ مافیا کیخلاف بھی موثر اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے خانیوال واقعہ میں ہونے والی گرفتاریوں سے وزیراعظم کوآگاہ کیا۔ وزیراعظم سے لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا، سب سے زیادہ لاہور اور سرگودھا کے ارکان نے شکایات کیں،وزیراعظم نے ارکان کو الیکشن کمیشن کے سامنے اعتراضات دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی تنظیم اور ارکان اسمبلی ملکر کام کریں، بلدیاتی میدان تحریک انصاف کا ہے ، بلدیاتی ٹکٹوں کے فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں، سب تیاری کریں،انشاﷲ ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتیں گے ۔وزیر اعظم سے ڈی جی خان ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے بھی ملاقات کی،منتخب نمائندوں نے بلدیاتی انتخابات کے امور پرتجاویز دیں، ارکان اسمبلی نے انڈس ہائی وے جلد بنانے کا مطالبہ کیا اور خالی اسامیوں پر بھرتی کا عمل تیز کرنے کی گزارش کی۔ارکان اسمبلی نے صوبائی وزیر تعلیم کے حوالے سے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا مراد راس کا رویہ ارکان اسمبلی کیساتھ مناسب نہیں ہوتا۔ وزیراعظم نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات میں ایک بار پھر مستر دشدہ ووٹوں کا مسئلہ سامنے آیا ہے ۔ بڑی تعداد میں مستردشدہ ووٹوں کے مسئلے کی وجوہات ڈبل سٹیمپنگ وغیرہ ہیں۔2013کے انتخابات پر جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں بھی یہی بات سامنے آئی تھی۔ مخالف ووٹوں کو مسترد کرکے انتخابات کے نتائج میں ہیرا پھیری کی جاتی ہے ، یہی وہ وجوہات ہیں سٹیٹس کوالیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کرتا ہے ۔وزیر اعظم نے میئر پشاور کی نشست پر جیت کے فرق اور مسترد ووٹوں کی تعداد بھی ٹوئٹر پر شئیر کی ۔