لاہور (92 نیوزرپورٹ،ایجنسیاں ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثما ن بزدار نے بغیرپروٹوکول لاہور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیااورکورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے گلبرگ، جیل روڈ، ماڈل ٹاؤن ، گارڈن ٹاؤن اوردیگر علاقوں میں حکومتی اقدامات پر عملدر آمدکی صورتحال کا مشاہدہ کیا اور جزوی بندشوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے دوران ڈیوٹی بعض پولیس اہلکاروں کی جانب سے ماسک پہننے کی پابندی پر عملدرآمد نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باہر نکلتے وقت ماسک پہننا ہر شہری کیلئے ضروری ہے ۔ ماسک پہننے کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے ریسکیو1122 کے عملے کو کورونا الاؤنس دینے کی منظوری دے دی جبکہ ڈیوٹی کے دوران کورونا کی وجہ سے شہید ہونے والے ریسکیو 1122 ملازمین کیلئے شہید پیکیج کی بھی منظوری دے دی گئی اور اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا ڈیوٹی کرنے والے ریسکیو 1122کے عملے کو یکم اپریل سے خصوصی الاؤنس دیا جائے گا۔ کورونا ڈیوٹی کرنے والے پنجاب ایمرجنسی سروس کے افسروں ، اہلکاروں کو بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ دیا جائے گا۔ کورونا ڈیوٹی پر مامور ریسکیو افسروں اور ملازمین کو وباء کے خاتمے تک خصوصی الاؤنس ملتا رہے گا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اینٹی کرپشن پنجا ب نے زبردست ایکشن لیتے ہوئے جون میں 4 ارب 41کروڑ 95لاکھ 60ہزار روپے کی تاریخی ریکوری کی ۔ اینٹی کرپشن نے ایک ماہ میں 10 کروڑ 39لاکھ 80ہزار روپے کی کیش ریکوری بھی کی، 4856 کنال 16مرلے سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرائی جس کی مالیت 3ارب 36کروڑ 3لاکھ 60ہزار روپے ہے ۔ اینٹی کرپشن نے ایک ماہ میں 95کروڑ 40لاکھ 80ہزارروپے کی ان ڈائریکٹ ریکوری کی۔ اینٹی کرپشن پنجاب کو ایک ماہ میں رپورٹ کرپشن ایپ پر 523 شکایات موصول ہوئیں، 315شکایات کا فوری ازالہ کیا اور دیگر پر کارروائی جاری ہے ۔ایک ماہ میں 59چالان پیش کئے گئے اور مجموعی طور پر 132فراد کو گرفتار کیا گیا۔ اینٹی کرپشن نے ایک ماہ میں ایک عدالتی مفرور اور 8اشتہاریوں کو گرفتارکیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں ہونے والی بے حساب کرپشن نے ملک کا بیڑا غرق کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کرپٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔