لاہور (خصوصی نمائندہ،کر ائم رپو رٹر،صباح نیوز) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہاہے کہ وزیر اعلیٰ کی نیب میں پیشی کو انہیں عہدے سے ہٹانے کا جواز قرار دینا درست نہیں ۔عثمان بزدار وزیر اعلیٰ ہیں اور رہیں گے ۔آئندہ ڈیڑھ سال کے دوران پنجاب آب پاک اتھارٹی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے 820آر او /یو ایف پلانٹس مکمل کر لے گی ۔ تمام فیصلے سو فیصد شفاف ہوں گے ۔ پنجاب آب پاک اتھارٹی کے چیئر مین جنرل (ر) احمد نواز میلا ،بورڈ رکن گوہر اعجاز اور چیف ایگز یگٹو زاہد عزیز سمیت دیگر کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطاب کر تے ہوئے گور نر نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی میں شفافیات اور میرٹ کو یقینی بنارہے ہیں، ہم خود کو ہر وقت احتساب کیلئے پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک پنجاب آب پاک اتھارٹی نے جتنا بھی کام کیا ہے اس پرحکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا بلکہ تمام اخراجات پنجاب آب پاک اتھارٹی کے بورڈ اراکین نے برداشت کیے ہیں۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ پنجاب آب پاک اتھارٹی انٹر نیشنل اور مقامی فلاحی تنظیموں کیساتھ ملکر بھی عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے کام کر ے گی اور آئندہ ڈیڑھ سال میں 820آراو پلانٹس اور700واٹر سپلائی سکیمیں مکمل ہوجائیں گے ۔علاوہ ازیں ریسکیو 1122کی یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ریسکیو کے جوان عوام کے تحفظ کے لئے کام کررہے ہیں،عوام دوست سروس ہر شہری کا حق ہے ۔ ریسکیو نے موثر طریقے سے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ہے ۔