ملتان،لاہور ،ڈیرہ غازیخان(سٹاف رپورٹر، خصوصی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملتان کے جلسہ نے فیصلہ سنا دیا ہے کہ عوام 25جولائی کو نواز شریف، مریم نواز اور حنیف عباسی کو جیل سے رہائی کا فیصلہ سنائیں گے ۔گزشتہ روز ملتان میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی تاریخ کا عجیب فیصلہ ہوا ، آدھی رات کو حنیف عباسی کو سزا سنائی گئی، انہیں معلوم تھا کہ حنیف عباسی شیخ رشید کو 70 ہزار ووٹوں سے شکست دینے والا ہے ۔ نواز شریف نے موٹرویز بنائے ، ملک سے اندھیرے دور کئے ، اس کیساتھ ایسا سلوک ہو رہا جیسے کسی ملک دشمن کیساتھ ہوتا ہے ۔ ہمیں دیوار کیساتھ لگایا جارہا ہے مگر ہم اس دیوار کو گرا دینگے ۔ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے اگر دھاندلی کو نہ روکا تو عوامی سیلاب کو نہیں روک سکوں گا ،کسی کوکوئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے ، اگر ووٹ کی عزت نہ ہوئی تو اپنی جان بھی دے سکتا ہوں۔ اگر ووٹ کو روکا تو جو بھی قربانی دینا پڑی دینگے ،جیلیں اورہتھکڑیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں،عوام کیلئے تختہ دار تک جانا پڑا تو جا ونگا ۔ ترکی کے صدر نے فون پر نواز شریف اور مریم کا حال پوچھا اور کہا کہ انکی رہائی اور انتخابات میں آپکی کامیابی کیلئے دعا کرتا ہوں ،انہوں نے پاکستان کو ترکی بنانے کا وعدہ کیا ۔ حنیف عباسی کے گھر جاکر انکے بچوں سے کہونگا کہ آپکا والد وہاں گیا جہاں پر شیر پہلے سے موجود ہیں۔ عمران خالی کرسیوں سے خطاب کر رہا ہے ۔ عوام 25 جولائی کو شیر کے نشان پر مہر لگائیں اور جیت کرملک کو ترکی کے ہم پلہ بنائینگے ۔ ہم نے ملتان میٹرو بس اور ملتان شجاع آباد ایکسپریس وے کا تحفہ دیا،عمران خان ایک دھیلے کی کرپشن ثابت کر دے تو سیاست چھوڑ دونگا۔ الزام خان نے پشاور بس کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا جس سے 40 ا رب کا نقصان ہوا۔ اگر عوام نے پھرمنتخب کیا تو ایک سال کے اندر ملتان میں دنیا کا بہترین ہسپتال نشتر 2 بنائونگا۔ ن لیگی رہنما جاوید ہاشمی نے کہا کہ میرا لیڈر نواز شریف جیل میں بیٹھا ہے مگر اسکی آواز کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ وحید آرائیں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیگی امیدواروں کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ سید جاوید علی شاہ نے کہا کہ نیاصوبہ ن لیگ ہی بنائیگی ۔ شیخ طارق رشید اور ملک عبدالغفار ڈو نے کہا کہ ملتان ن لیگ کا گڑھ ہے اور ہم کامیابی حاصل کرینگے ۔ لاہور کے حلقہ این اے 129 غازی آباد میں کارکنو ں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 25جو لائی پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے ،شیر پر مہر لگا کر ووٹ کی طاقت سے نوازشریف اور مریم نواز کو رہا کرانا ہے ۔لاہور والو ہم نے نواز شریف کی قیادت میں لاہور کو پیرس بنا دیا ، میٹرو بس، اورنج لائن بنائی، ہم آپکی خدمت کرتے رہے ، اورنج لائن ٹرین کو عمران خان نے روکا ۔موقع ملا تو ہم بلیو لائن بھی بنائینگے ۔ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مختلف مکاتب فکر کے علما سے ملاقات کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ جس کا ختم نبوت ؐپر ایمان نہیں وہ مسلمان نہیں، اگر کسی پر متنازعہ قانون کا شائبہ بھی ہوا تو اسے ٹکٹ نہیں دیا۔ اقتدار حاصل کرنا میرا مطمع نظر نہیں،ایک ہی خواہش ہے کہ وطن کیلئے جو کر سکوں کر جاؤں۔ علما نے ن لیگ کی حمایت کا اعلان جبکہ نواز شریف اور مریم نواز سے اظہاریکجہتی کیاجبکہ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی اور شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کی ذمہ داری کیلئے دعا کی۔علاوہ ازیں ترک صدر طیب اردوان نے ٹیلیفون پر شہباز شریف سے نوازشریف کے بارے میں دریافت کیا اور ان تک نیک خواہشات پہنچانے کیلئے کہا جبکہ بیگم کلثوم نوازکیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔انہوں نے پا ک ترک تعلقات کو مستحکم کرنے میں شہباز شریف کے کردار کو سراہا جبکہ دہشتگردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں ہم اکٹھے ہیں۔ ترکی ہر موقع پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہو گا ۔ شہباز شریف کی آج بذریعہ ہیلی کاپٹر ڈیرہ غازیخان آمد متوقع ہے اور وہ غازی یونیورسٹی گرائونڈ میں جلسہ سے خطاب کرینگے ، یہاں وہ حلقہ این اے 192 سے الیکشن لڑ ر ہے ہیں ۔