کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ بدھ کوسندھ میں ظاہرہونے والے کیسزاب تک کی سب سے زیادہ تعدادہے ۔اپنے وڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ ایک دن میں کوروناکے 404 نئے کیسز سامنے آنا تشویشناک ہے ،بدھ کوہی کورونا کے سب سے زیادہ 8 مریض انتقال کرگئے جبکہ سندھ میں کورونا کے 208 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 3729 کورونا ٹیسٹ کیے ۔سندھ میں اب تک 51790 کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث سندھ میں کُل اموات 100 ہوگئی ہیں، 4426 مریض زیرعلاج ہیں۔ انہوں نے کراچی کے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیراختیار کریں ورنہ نتائج بہت خطرناک نکلیں گے ۔مرادعلی شاہ نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کروناکے مقامی پھیلاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ عوام کا ڈبلیو ایچ او اور ماہرین کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنا ہے ،ہم اس وقت تک کورونا وائرس کو شکست نہیں دے سکیں گے جب تک کہ ہمارے لوگ تعاون نہیں کریں گے ،کراچی میں 2 پروازیں کولالمپور اور ابو ظہبی سے 505 مسافر لیکر پہنچیں ،ان کے 69 مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ 39 کے نتیجہ کا انتظارہے ۔ہم صوبے میں لیب آپریٹنگ کی ٹیسٹنگ کی گنجائش میں اضافہ کررہے ہیں اور ایک نئی لیب لاڑکانہ میں قائم کی جارہی ہے ۔ کچھ صنعتی یونٹس اور آن لائن بزنس کی اجازت دی گئی ہے تاہم احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پرعمل کرنا ہوگا۔