اسلام آباد( سپیشل رپورٹر ، مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں اہم اجلاس ہوا جس میں وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، ترجمان اور اہم پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال اور پارٹی بیانیے پر تفصیلی غور کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے شرکا کو سیاسی اور معاشی صورتحال میں وفاقی کابینہ میں تبدیلی اور پارٹی کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں پارٹی رہنمائوں اورترجمانوں کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اسدعمرکودوبارہ کابینہ میں آنے کیلئے کہیں گے ۔ اسدعمرواپس آئے تو کابینہ کو فائدہ ہوگا،حکومت میں کوئی مستقل نہیں آیا،عوام اورملک کی خدمت کرنے والارہیگا،باقی گھرجائیں گے ۔وفاق کیساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر ہے ،روزانہ کی بنیادپرکارکردگی مانیٹرہورہی ہے ،عوام کیلئے دل میں رحم پیداکریں،حکومت میں آنے کا مقصدعوامی فلاح کے منشورپر عملدرآمد ہے ،ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہرممکن کوشش کر رہے ہیں،ایک بارمعیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کرجائیں گے ۔وزیراعظم نے پنجاب اورکے پی کے کے وزرائے اعلی پر اعتماد کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اورکے پی کے کے وزرائے اعلی اپناکام جاری رکھیں گے ۔ حفیظ شیخ قابل اعتماد آدمی ہیں،بڑے اکانومسٹ ہیں ،ان کے آنے سے ہماری ٹیم مضبوط ہوگی۔وزیراعظم نے مشیر صحت ظفراﷲ مرزا کوادویات کی قیمتوں میں کمی کی ہدایت بھی کی۔عمران خان نے اجلاس میں وزیرریلوے شیخ رشید کی تعریف بھی کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وزرا میڈیا پر جائیں، وہ حقائق ضرور بتائیں لیکن لوگوں کو ڈرائیں نہیں بلکہ ان کو امید دلائیں۔بنی گالہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیراطلاعات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاپی ٹی آئی نے گلے سڑے نظام کیخلاف جدوجہد کی۔خان صاحب کی شکر گزار ہوں میری اور میڈیا کی پارٹنرشپ بنائی ہے ۔ وزیراعظم سے نئی اقتصادی ٹیم نے ملاقات کی۔ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو بااختیار بنایا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو مہنگائی کم کرنے کیلئے حکمت عملی طے کرنے کاکہا ہے ۔عمرایوب کو وزارت پٹرولیم کا اضافی چارج دیا جارہا ہے ۔وزیراعظم آج کوئٹہ کے دورے پر بھی جارہے ہیں،وہ ہزارہ برادری سے اظہار تعزیت کرینگے ۔حکومت مشکل کی اس گھڑی میں ہزارہ برادری کیساتھ کھڑی ہے ،ایسی وحشیانہ کارروائیاں کسی طوربرداشت نہیں کی جائینگی۔عمران خان ایران اور چین کا دورہ کرنے جارہے ہیں، اسد عمر ناراض نہیں ، وہ جلد واپس آئیں گے ، مختلف وزارتوں کو مختلف ٹارگٹ دئیے گئے ہیں تاکہ رمضان میں لوڈ شیڈنگ اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے صوبوں کیساتھ ملکر جوائنٹ سٹریٹجی بنائی جائے ۔ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر پارلیمنٹ چل نہیں سکتی ، انہیں ساتھ لے کر چلیں گے اور اگر ان کے پاس مثبت تجاویز ہیں تو انہیں سنا جائے گا لیکن اپوزیشن کو بھی اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کرنا ہے ۔ اگر وہ پارلیمنٹ کو ہائی جیک کریں گے اور قانون سازی نہیں ہونے دیں گے تو مسائل پیدا ہوں گے ۔اپوزیشن کو پارلیمنٹ کو یرغمال نہیں بناناچاہیے ۔رمضان میں عوام کوریلیف دینا چاہتے ہیں،ہم یقینی بنارہے ہیں کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیں،آج کابینہ کا اجلاس نہیں تھا،یہ ترجمانوں کی میٹنگ تھی۔فواد چودھری نے بتایا تھا وہ لاہور جا رہے ہیں اگلے اجلاس میں شرکت کرینگے ، میڈیا ورکرزکی بہتری ہماری ترجیح ہے ، ہم میڈیا سے رابطے میں ہیں،کچھ میڈیا کی سنیں گے کچھ اپنی سنائیں گے ، دونوں کی جیت ہوگی،میڈیا سے رابطہ استوارکرنے جارہے ہیں محاذآرائی کرنے نہیں۔ وزیراعظم سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارنے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا،صوبے میں عوامی ریلیف سے متعلق اقدامات پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعلٰی پنجاب کو صوبے کے حوالے سے روڈ میپ دیا۔وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو صوبائی وزراکی کارکردگی جانچنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے وزراکی سخت مانیٹرنگ اورعوام کو ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی۔وزیر اعظم سے مشیر صحت ڈاکٹرظفراﷲ نے 3گھنٹے طویل ملاقات کی۔وزیراعظم نے مشیرصحت کو وزارت صحت ٹھیک کرنے کا مکمل اختیار دیدیا ۔ ذرائع کے مطابق وزارت صحت میں بڑے پیمانے پر اکھاڑپچھاڑاورتبدیلیوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔ادویات کی قیمتیں ہنگامی بنیادوں پرکم کرنے کا بھی فیصلہ کرلیاگیا۔ذرائع کے مطابق وزارت صحت میں کرپشن کی روک تھام کیلئے انسدادکرپشن سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے ۔