فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں نئی حکومت آنے کے بعد عوام مہنگائی کے سونامی سے شدید پریشان ہیں۔جب قوم کے چہرے پر مسکراہٹ نظر آئیگی تو سمجھیں گے نئی حکومت کامیاب ہو گئی ہے ۔گزشتہ روز فیصل آباد میں حرمت رسولؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے اپنی سو روزہ کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے 9 گھنٹے کے اجلاس کے بعد وزرا سے متعلق سب اچھا کی رپورٹ دی۔ تمام وزرا تو ایک دوسرے کی نظر میں کامیاب ہو گئے لیکن غریب کسان، طلبہ اور مزدور مہنگائی کے سامنے ناکام ہو گئے ۔ اعلیٰ ایوانوں میں صرف چہرے بدلے ہیں اور سسٹم پرانا ہی ہے ۔ ہماری حکومت گونگی اور بہری ہے ، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے آواز اٹھانے کے بجائے خاموش ہے ۔ موجودہ حکومت بغیر کسی ہوم ورک کے اقتدار میں آ ئی، پاکستان میں ہر چیز مہنگی اور روپیہ سستا ہے ۔ 2019 میں ڈالر مزید مہنگا اور پاکستانی کرنسی کی قدر کم ہو گی۔ مدینہ جیسی ریاست بنانے کی بات کرنیوالی حکومت کے ارکان نے اسمبلی میں شراب پر پابندی کے بل کی حمایت نہ کر کے اسلامی نظریہ کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی۔