لاہور(خبرنگارخصوصی )پیپلز پارٹی پنجاب کے پارلیمانی لیڈر و ترجمان سید حسن مرتضی نے کہا ہے کہ عمران نیازی اپنے خول سے باہر نکلیں اور حکومتی اراکین کی آواز سنیں،قومی اسمبلی کی خزانہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی میں حکومتی رکن ڈاکٹر رمیش نے جو کچھ کہا وہ ہر پاکستانی کی آواز ہے لیکن نہ جانے عمران نیازی ان آوازوں کوکیوں دبا رہے ہیں، مذکورہ کمیٹی میں سٹیٹ بنک کا یہ انکشاف حیران کن نہیں کہ مہنگائی مزید دو سال رہ سکتی ہے ، انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک عمران نیازی وزیراعظم ہیں ملک میں مہنگائی رہے گی ،عمران نیازی کے اقتدار میں آنے کے بعد تو کینسر کے مریضوں کو دوائی بھی نہیں مل رہی ، عوام مہنگائی سے مررہے ہیں یہ ہی کچھ حکومتی اراکین بھی کہہ رہے ہیں مگر نہ تو پنجاب میں کوئی سننے والا ہے اور نہ ہی وفاق میں کوئی عوام کے موقف کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہے ، ہر طرف افراتفر ی ہے اور حکمران صرف اپنے مفادات کی تکمیل کے لئے کوشش میں مصروف ہیں، عمران نیازی اپنے ارگرد لوگوں کوہٹائیں تو انہیں نظر آئے گا عوام کن مشکلات سے دو چار ہیں، عوام کے لئے ہر آنے والا دن کتنا مشکل ہے ۔