اسلام آباد (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام نے فوج کیخلاف اپوزیشن کے بیانیے کو مسترد کردیا ،اپوزیشن کا مقصد صرف این آراو حاصل کرنا ہے ۔وزیر اعظم کی زیر صدارت پارٹی رہنمائوں اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے جلسوں کی وجہ سے آئندہ کی صورتحال پر غور کیا گیا۔وزیر اعظم نے ا یاز صادق کے بیان کو قومی سطح پر اٹھانے کی ہدایت کی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کے عوامی فلاح کے اقدامات کو عوام میں اجاگر کیا جائے ۔فوج مخالف بیانیے کی وجہ سے ن لیگ میں تقسیم ہے ۔اپوزیشن کی کرپشن زیادہ سے زیادہ بے نقاب کی جائے ۔ عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیز کیا جائے ۔اپوزیشن کا مقصد صرف این آراو حاصل کرنا ہے ۔پاکستان کی عوام نے فوج کیخلاف اپوزیشن کے بیانیے کو مسترد کردیا عوام فوج سے پیار کرتے ہیں۔پی ڈی ایم قیادت کو ہر فورم پر جواب دیاجائے ۔پی ڈی ایم بھارت کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے ۔دریں اثنا وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔ وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قومی تعلیمی پالیسی سے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی اور معاشرے کے تمام طبقات کو با اختیار بنانے کے مساوی مواقع فراہم ہوں گے ۔وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس، وزیر برائے اعلی تعلیم پنجاب یاسر ہمایوں، وزیر تعلیم خیبر پختونخوا شہرام ترکئی، پارلیمانی سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم محترمہ وجیہہ اکرام اور سینئر افسران شریک تھے ۔وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ قومی سطح پر یکساں نصاب کے ضمن میں تمام شراکت داروں سے مشاورت کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ یکساں نظام تعلیم نا صرف دور جدید کا تقاضا ہے بلکہ ہر بچے کا بنیادی حق ہے ۔نئی نسل کوخاتم النبین ﷺ کی حیات مبارکہ اور سنت کے متعلق مکمل آگاہی ہونی چاہیے کیونکہ حضرت محمد ﷺ ہی ہمارے رول ماڈل ہیں اور ان کی سنت ہمارے لیے مشعل راہ ہے ۔ نئی پالیسی کی بدولت پاکستان میں معیاری تعلیم کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ یکساں نظام تعلیم خطے کے دیگر ممالک کے لیے قابل تقلید مثال قائم کرے گا۔