کراچی/لاڑکانہ (سٹاف رپورٹر، بیورو رپورٹ)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام کو اس کڑے وقت میں تنہا نہیں چھوڑوں گا،جو سمجھتے ہیں کہ دھونس سے میڈیا کو دبایا جاسکتا ہے انہیں تاریخ یاد رکھنی چاہیئے ۔جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے نامورصحافیوں کوسوشل میڈیا پرنشانہ بنانیکی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو گالیاں دینے کے ٹرینڈزحکومتی ناقدین کوخاموش کرانے کیلئے ایک اورحملہ ہے ،گالیاں دیکرصحافیوں کو پیغام دیا جارہا ہے کہ یا توخاموش رہیں یا خمیازہ بھگتنے کیلئے تیاررہیں،حکومت اورتحریکِ انصاف مخالف آوازوں کودبانے کی بجائے کورونا پرتوجہ دے ،اتنی محنت کورونا پربیداری کیلئے کی جائے تو وقت اوروسائل کا درست استعمال ہوگا،ان غیرمعمولی حالات میں ملک کو اتحاد کی ضرورت ہے ،پاکستان کے صحافیوں کی ناانصافی اورظلم کیخلاف جدوجہد کی لمبی تاریخ ہے ۔علاوہ ازیں انہوں نے نوڈیرو ہاؤس میں کورونا سے بچاؤ کے اقدامات پربریفنگ لی،ڈسٹرکٹ لاڑکانہ اورقمبرشہداد کوٹ کی کورونا سے متعلق کمیٹیوں کے افراد اورضلعی افسران نے پی پی چیئرمین سے ملاقات کی،بلاول بھٹو زرداری کو سہیل انورسیال نے ڈسٹرکٹ لاڑکانہ اوربرہان چانڈیو نے قمبرشہداد کوٹ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات سے آگاہ کیا،اس موقع پربلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں اس بحران کے وقت پورے سندھ سمیت اپنے حلقے کے عوام کیساتھ ہوں،میں عوام کو اس کڑے وقت میں تنہا نہیں چھوڑوں گا،انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن پرسختی سے عملدرآمد کریں کیونکہ سماجی فاصلہ اختیارکرکے ہی کورونا کا مقابلہ کرسکتے ہیں،ہماری ترجیح زندگیوں کو بچانا ہے ۔