اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک این این آئی) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہاہے کہ عوام کو بہتر سہو لتیں دینے کیلئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے ، ہر محب وطن شہری ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے جبکہ وزیراعظم سے مفتی تقی عثمانی اور مفتی رفیع عثمانی نے ملاقات کی ۔جمعہ کو وزیر اعظم سے چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی اورچیئر مین نادرا عثمان یوسف مبین نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں ملک میں ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ٹیکس نیٹ میں اضافہ ضروری ہے ۔ ٹیکس نیٹ میں اضافے سے جہاں موجودہ ٹیکس دہندگان پر اضافی ٹیکسوں کا بوجھ کم ہوگا وہاں حکومت کی جانب سے ملک کے دور دراز علاقوں میں تعلیم ،صحت اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی ایک قومی فریضہ ہے تاہم اس کے لئے ٹیکس دہندگان کا اعتماد بحال کرنا نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی یہ کوشش ہے کہ ٹیکس کے نظام کو شفاف بنایاجائے تاکہ ہر محب وطن شہری ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے ۔ دریں اثنا وزیر اعظم عمران خان سے مفتی تقی عثمانی اور مفتی رفیع عثمانی نے ملاقات کی ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات وزیر اعظم کی دعوت پر ہوئی۔وزیر اعظم اور مفتی تقی عثمانی کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز اور تعلیمی اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔مفتی تقی عثمانی نے کشمیریوں کا کیس اجاگر کرنے پر وزیر اعظم کو مبارکباد دی۔وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کے ساتھ بھی نشست کی خواہش کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان سے صوبائی وزیر برائے اوقاف پنجاب نے ملاقات کی ہے ۔ سعید الحسن نے محکمہ اوقاف کی املاک کے بہتر انتظام اور ان کو عوامی فلاح و بہبود کے مقاصد کے لیے برؤے کار لانے کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی ۔