اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، 92 نیوز رپورٹ)حکومت نے عوام کوبڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرول سات روپے چھ پیسے اورمٹی کا تیل 11.88 پیسے فی لٹر سستا کردیا ، نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے ہوگیا ہے ۔ وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت سات روپے چھ پیسے فی لٹر کمی کے بعداب 74روپے 52 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے ۔ مٹی کا تیل 11.88 پیسے فی لٹر سستا کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 35 روپے 56 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے ۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں9.37روپے کمی کی گئی ہے اور اس کی قیمت 47 روپے 52 پیسے سے کم ہو کر38 روپے 14 پیسے ہوگئی ہے ۔ہائی سپیڈ ڈیزل پانچ پیسے فی لٹر مہنگا کیا گیا ہے اور قیمتوں میں ردوبدل کے بعد اس کی نئی قیمت 80 روپے 15 پیسے فی لٹرہو گئی ہے ۔واضح رہے اوگرا کی جانب سے دو روز قبل قیمتوں میں ردو بدل کی سمری میں پٹرول 7 روپے 6 پیسے ،مٹی کا تیل11 روپے 88 پیسے ، لائٹ ڈیزل 9 روپے 37 پیسے سستا جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 5 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی تھی،اس طرح اوگرا کی تمام سفارشات کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ادھروزیراعظم عمران خان اپنے ایک ٹویٹ میں کہاہے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزیدکمی کردی گئی،اس وقت جنوبی ایشیامیں پیٹرولیم مصنوعات کی سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں،بھارت میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان سے دوگنا جبکہ سری لنکااورنیپال میں50سے 75فیصد زیادہ ہیں۔