اسلام آباد،لاہور (این این آئی،سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے اقدامات کو ڈرامہ اورعوام کے زخموں پر نمک قرا ردے دیا ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران صاحب عوام کو ریلیف اب صرف آپ کے رخصت ہونے سے ملے گا۔عمران صاحب پہلے آپ تو منافع خوروں کو چھوڑیں، انہیں کابینہ اور بڑے عہدوں سے نکالیں؟۔ اگر منافع خوروں، ذخیرہ اندازوں قبضہ مافیا سے پیچھا چھڑانا ہے تو سب سے پہلے آپ سے پیچھا چھْڑانا پڑے گا۔ عوام آپ کی نالائق، نااہلی، جھوٹ اور کرپشن کی مزید متحمل نہیں ہوسکتی۔ عمران صاحب عام آدمی کی زندگی مشکل بنانے میں آپ اور آپ کی حکومت نے کوئی کسر نہیں چھوڑی، سارے مافیا اور منافع خور آپ کے دائیں بائیں بیٹھے ہیں، ملک وقوم کی پہلے ان سے تو جان چھڑائیں۔قبضہ مافیا، منافع اور ذخیرہ اندوز آپ کے اے ٹی ایم اور دوست ہیں، وہ تو آپ کا کچن چلاتے ہیں،آٹا چینی مافیا نے آپ کے حکم پر ملک میں بحران پیدا کیا ، اپنے ڈرامہ بازی والے بیانات سے آپ عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے ۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے 2020الیکشن کا سال ہے ، عوام الیکشن کی تیاری کریں،قوم کو وزراء کی نہیں وزیراعظم کی تبدیلی چاہیے ،جو وزیر اپنے حصے کا پیسہ کمالیتا ہے اس کو تبدیل کردیا جاتا ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا پاکستان میں اس وقت جعلی تبدیلی اور بے قابو مہنگائی کا زور ہے ،حکومت کو عام آدمی کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے ،وزیراعظم دن رات اپنی تقریریں سن کرکے خوش ہو رہے ہیں اور عوام مہنگائی اور بے روزگاری پر حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں،حکومت میں پالیسی سازوں کا فقدان ہے ،بیوروکریسی حکومتی مداخلت سے تنگ آچکی ہے ۔