لاہور(کلچرل رپورٹر )معروف فلمسٹار و سٹیج اداکارہ دیا جٹ نے ایک ملاقات کے دوران بتایاکہ عوام کو قرنطینہ بارے مکمل آگاہی نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ وہ خود کو گھروں تک محدود رکھنے کے ساتھ ساتھ گھروں کے اندر ہی سماجی میل ملاپ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں دیاجٹ نے کہاکہ ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر قرنطینہ بارے مکمل آگاہی دی جائے تاکہ لوگوں کو علم ہو کہ گھروں تک محدود رہنا ہے اور گھروں میں بھی ایک دوسرے سے ہٹ کے اور فاصلے پر رہنا ہے ۔دیاجٹ نے کہاکہ لوگ ایک دوسرے کے گھروں میں آزادانہ آجا رہے ہیں ایک دوسرے کی دعوتیں کی جارہی ہیں کسی قسم کی احتیاطی تدابیر نہیں برتی جارہیں جو خطرناک ہیں۔ بچے بھی گھروں سے باہر گلیوں میں کھلے عام کھیل رہے ہیں جنہو ں نے ماسک تک نہیں پہنا ہوتا۔دیا جٹ نے عوام کو اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم پورے دوہفتے حکومتی احتیاطی تدابیر پر سختی سے کاربندہوں تو ہم اس موزی مرض کو مات دے سکتے ہیں اس لیئے خدارا خود کواور اپنے بچوں کو گھروں تک محدود کریں اور دوہفتے تک سماجی فاصلہ برقرار رکھیں تو ہم ا س موزی وائرس سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔