لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا،جس میں صوبے میں آٹے و گندم کی قیمتوں اور ڈیمانڈ و سپلائی کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں گنے کے کرشنگ سیزن اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کابھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گندم کا سرکاری کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی فلور ملوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ کسی فلور مل کو گندم کا کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ خلاف ورزی پر فلور ملوں کے خلاف قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ صوبے کے خارجی راستوں پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ صوبے کے عوام کا مفاد سب سے زیادہ مقدم ہے ۔ عوام کو مناسب نرخوں پر آٹے کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کو آٹے کی دستیابی کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیئے ۔ جس ضلع سے شکایت ملی، میں ایکشن لوں گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں کسی جگہ بھی آٹے کی قلت نہیں ہونی چاہیئے ۔ بعدازاں انہوں نے کرشنگ سیزن اور کاشتکاروں کو ادائیگیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ پہلے بھی کیا اور آئندہ بھی کریں گے ۔ہماری حکومت کسان دوست ہے ،کاشتکار خوشحا ل ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ نیا سال خوشحال، ترقی یافتہ اور پرامن نئے پاکستان کی بنیاد ثابت ہو رہا ہے ۔ تنقید برائے تنقید کے باوجود عوام کی خدمت میں کمی نہیں آنے دی۔ہم نے باتیں کم اور کام زیادہ کئے جبکہ اپوزیشن صرف کھوکھلے نعرے لگاتی رہی۔ 2020 ء پاکستان کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے ۔