اسلام آباد(وقائع نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہاہے کہ کرونا وبا کے پیشِ نظر صنعتوں کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کیلئے وزارت صنعت اقدامات کرے گی،ادویات کی فراہمی اور انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت منصوبہ بندی میں کرونا وائرس کے بچائوکے حوالے سے ویڈیو کانفرنس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں و فاقی وزراء برائے توانائی، خوراک، معاشی امور، اور صوبوں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔اجلاس میں کرونا وبا کے پیشِ نظر ملکی معاشی صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں جزوی لاک ڈاؤن کے پیش نظر ضروری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے عوام کو کھانے پینے کی اشیاء فراہمی کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیا ۔اسد عمر کا کہنا تھابند نہ ہونے والی ضروری صنعتوں کے مزدوروں کیلئے احتیاطی تدابیر تشکیل دی جائیں گی، انڈسٹری ایسوسی ایشنز کے تعاون سے ان ہدایات کو لاگو کیا جائے گا۔اجلاس میں پیش سفارشات صوبوں سے مشاورت کے بعد قومی رابطہ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائیں گی۔