اسلام آباد( خبرنگارخصوصی،اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کوروناویکسین کی دوسری ڈوزلگوانے کیلئے ترلائی کوویڈویکسی نیشن سنٹرپہنچ گئے ۔صدر عارف علوی نے بغیر کسی پروٹوکول کے ویکسین سنٹر کا دورہ کیا اور سروس کاؤنٹر پر رجسٹریشن سمیت مقررہ عمل کو پورا کرنے کے بعد ویکسین لگوا ئی،صدرمملکت نے مرکز میں ویکسین کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر صدر نے عوام پر زور دیا کہ وہ کورونا سے بچائواوراپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ویکسین لگوائیں۔انہوں نے کہا کہ میں سب کوخاص طور پر بزرگوں کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور دیگراحتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔دریں اثنا صدرمملکت عارف علوی نے آئی ووٹنگ سے متعلق ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ سٹیک ہولڈرز عید الفطر کے بعد وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی کے ممبران کو پیش کرنے کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا پروٹو ٹائپ تیار کریں، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بذریعہ انٹرنیٹ ووٹ کااندراج اور کاسٹ کرنے کے لئے آئی ووٹنگ کا عمل تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں وفاقی وزرا سید امین الحق،اعظم سواتی،شبلی فراز،سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی شعیب احمد صدیقی،قائم مقام چیئرمین نادرا بریگیڈ ئیر (ر)خالد لطیف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ ادھرصدر مملکت کی ہدایت پر سٹیٹ بینک جمعہ کے روز بزنس کمیونٹی کے چیک کلیئر کرے گا،اقدام سے نجی شعبے کے ملازمین کو عید سے پہلے تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہو سکے گی۔