لاہور (سٹاف رپورٹر) ریلوے انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے پیشِ نظر مختلف ٹرینوں کو مختلف سٹیشنوں پر سٹاپ دینے کا فیصلہ کیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے کراچی کے درمیان چلنے والی تیزگام (8ڈائون) لاہور سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی سبک رفتار (101اپ) اور (103اپ) سبک خرام کو چکلالہ ریلوے اسٹیشن پر جبکہ تیزگام (7اپ، 8 ڈائون ) ، پاک بزنس ایکسپریس (33UP/34DN)، جعفرایکسپریس (39UP/40DN) اور خیبر میل (1۔اپ) کو لاہور کینٹ ریلوے اسٹیشن پر سٹاپ دے دیا گیا۔ رحمان بابا ایکسپریس (47اپ) ، تھر ایکسپریس (405UP/406DN) کو لانڈھی ریلوے اسٹیشن پر جبکہ خیبر میل (1۔ اپ) اور تھر ایکسپریس (405UP/406DN) کو ڈرگ روڈ ریلوے اسٹیشن پر رُکنے کی اجازت دے دی ہے ۔ تھل ایکسپریس (129UP/130DN) کو پیپلاں ریلوے اسٹیشن پر 2 منٹ کے لیے رُکنے کی اجازت دیدی ہے اور میانوالی ریلوے اسٹیشن پر اس کے سٹاپ کو 2 منٹ سے بڑھا کر 5 منٹ کردیاگیاہے ۔ اس فیصلے پر فوراً عملدرآمدہوگا جبکہ لاہور سے شورکوٹ کے درمیان چلنے والی راوی ایکسپریس (121، اپ ) کے اوقاتِ کار موسمِ گرما ٹائم ٹیبل کے مطابق بحال کردئیے گئے ہیں۔ اس فیصلے پرعملدرآمد 27 مئی 2019 سے ہوگا۔