ملتان،بہاولپور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار،صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ، حکومت کو گھر بھیج کر ہی دم لیں گے ،نیب گردی پیپلزپارٹی کی قیادت تک محدود ،متعصبانہ احتساب ڈرامہ صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے رچا یا جا رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق بلاول کے اعزاز میں پی پی پی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم لابر کی جانب سے عشائیہ دیا گیا ، بلاول نے تمام ضابطوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عشائیے میں شریک تمام افراد سے ان کی نشست گاہ پر جاکر فرداً فرداً ملاقات کی۔اشرف آباد میں ملک شاہ محمد چنڑ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم عمران نیازی کی حکومت کی ڈیڑھ سالہ ناقص کارکردگی کی بدولت عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے اور پوری قوم نے وعدہ خلاف و فسطائی حکومت کے خلاف طبل جنگ بجا دیا ہے ، متعصبانہ احتساب ڈرامہ صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے رچا جا رہا ہے ،لوگ خودکشیوں پر مجبور ہو گئے ہیں لیکن سلیکٹیڈ وزیراعظم کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔ دریں اثنا بلاول سید احمد مجتبٰی گیلانی کی رہائش گاہ پر پہنچے اور انکے بیٹے اور سید یوسف رضا گیلانی کے بھتیجے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بلاول نے کہا کہ انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشنز کے اندر اور باہر فوجی اہلکاروں کی تعیناتی جیسے اقدامات مسلح افواج کو متنازع بنارہے ہیں۔