لاہور(خصوصی نمائندہ )گور نر پنجاب چودھری سرور نے تما م جیلوں کے قیدیوں اور سٹاف کو ماسک ،سینی ٹائرز ، صابن اور پنجاب کے 1لاکھ غر یب خاندانوں کو مفت راشن کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ سڑکوں پر نکل کر نہیں گھر میں بیٹھ کر ہی جیتی جاسکتی ہے ،اگر عوام سڑکوں پر نکلنے سے باز نہ آئے تو سخت ترین فیصلے کیے جائیں گے ، خدا کیلئے اٹلی اور فرانس جیسے حالات سے بچنے کیلئے گھروں میں رہیں ، اپوزیشن بھی گلے شکوے چھوڑ کر کرونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔لاہور انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کے گوہر اعجاز ،اخوات کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب،بزنس پینل پاکستان کے سربراہ خواجہ شیراز اکرم ،پیف کے قاضی عظمت،سرور فاؤنڈیشن کی وائس چیئرپرسن بیگم پروین سرور سمیت 12فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کے ہمراہ پر یس کانفر نس سے خطا ب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک میں شامل12فلاحی تنظیموں کے ساتھ ملکر ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں سٹاف اور قیدیوں کو بھی کرونا سے بچانے کیلئے بھر پور اقدامات کر یں گے جس کیلئے ہم نے تمام جیلوں میں قیدیوں کی تعداد اور انکو درپیش مسائل کے حوالے سے ریکارڈ جمع کر لیا ہے ۔46ہزار قیدیوں سمیت جیلوں کے سٹاف کو ماسک ،سینی ٹائزر ،صابن ،دستانے اور جراثیم کش شیمپوفراہم کیے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ بے روزگار ہونیوالے تمام خاندانوں کو مفت راشن فر اہم کیا جائیگا اور پہلے مر حلے میں1لاکھ خاندانوں کو مفت راشن فراہم کر نے کا آغاز کر رہے ہیں اور اس کیلئے ایک ایسی ایپ بھی تیار کی جا رہی ہے جس کے بعد راشن لینے والے ہر فرد کا نام ایپ میں شامل ہو جائیگا تاکہ کوئی بھی شخص دو بارہ ر اشن نہ لے سکے اور ہم کوشش کر یں گے کہ باقی فلاحی اداروں کو بھی اس ایپ میں شامل کر یں تاکہ کوئی بھی شخص کسی بھی طر ح ایک ہی وقت میں دو اداروں سے راشن نہ لے ریاست بے سہارا لوگوں کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کر ے گی۔