اسلام آباد ،میانوالی، موسیٰ خیل،ماڑی شہر،واں بھچراں (نمائندگان 92نیوز،92 نیوزرپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک،اے پی پی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے لوگوں کو تھوڑا صبر کرنا ہے پاکستان دنیا کا طاقتور ملک بنے گا،قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے نہیں بلکہ تعلیم اور لوگوں پر سرمایہ کاری سے آگے بڑھتی ہیں۔وزیراعظم ایک روزہ دورہ پر گزشتہ روز میانوالی پہنچے ۔ وزیر اعلی عثمان بزدار و دیگربھی ساتھ تھے ۔ وزیراعظم نے کیڈٹ کالج عیسیٰ خیل میں نئے ہاسٹل بلاک کاافتتاح کیا اورعیسیٰ خیل میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔پولیو کے قطرے پلاکرمہم کاآغازکیااورپودابھی لگایا۔ میانوالی کی یونین کونسلز کیلئے 2 ارب روپے سے صاف پانی سکیم کا اعلان کیا جبکہ چاپری ڈیم پانی کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔کیڈٹ کالج عیسیٰ خیل اور نمل کالج موسیٰ خیل میں خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا ایک شہر پر پیسہ لگانے سے قومیں ترقی نہیں کرتیں، جن کے میڈیکل چیک اپ اوربچے لندن میں ہوں انہیں پسماندہ علاقوں کا کیسے احساس ہوگا۔لوگ سوال پوچھتے ہیں عثمان بزدار کو کیوں وزیراعلیٰ بنایا، عثمان بزدار کا تعلق پسماندہ علاقے سے ہے ، انہیں عوامی مسائل کا ادراک ہے ۔ اربوں روپے کھانے والے ملک لوٹ کر لندن جا بیٹھے ہیں اور ہمیں مسائل ورثے میں دے گئے ، ان لوگوں کو عوامی مسائل کا کیا پتہ۔مدینہ کی ریاست میں قانون سب کیلئے برابر تھا، قانون کی بالادستی کا مطلب کمزور کو اوپر اٹھانا ہے ، میں نے یہاں کے حالات دیکھے ہیں،جہاں ظلم ہو وہاں اللہ کی برکت نہیں آتی، کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم اور ناانصافی کا نہیں، آئی جی کو ہدایت کرتا ہوں تھانوں میں غریبوں پر ظلم نہیں ہونا چاہیے ۔ کمزور بیچارے جیلوں میں ہیں اور بڑے چور لندن میں ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا جب لوگ کہتے تھے کھلاڑی کیسے سیاست کرے گا تو میانوالی میرے ساتھ کھڑا ہوا، تحریک انصاف کو پہلی نشست یہاں سے ملی، آپ لوگوں کو تھوڑا صبر کرنا ہے ، پاکستان دنیا کا طاقتور ملک بنے گا۔ پسماندہ علاقوں کو پہلے اوپر اٹھائیں گے ، نیا نظام لیکر آئیں گے ۔ چاہتا ہوں پاکستان ایک آزاد اور خود مختار قوم بنے ، انہیں کسی کا خوف نہ ہو، جو ظلم کرے اسے سزا ملے ،چاہے وہ طاقتور ہو یا کمزور۔