اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے عوامی احساسکا دائرہ مسلسل وسیع ہو رہا ہے ،احساس پروگرام اب لیہ میں شروع کیاجارہا ہے ، احساس آمدن پروگرام سے پسماندہ علاقوں کے غریب، مستحق لوگوں کی مدد ہوگی، ان کے معیارزندگی کو بہتر بنانے میں احساس ایک اہم سنگ میل ثابت ہورہا ہے ۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یہ پروگرام محروم اور پسے ہوئے طبقات کے ساتھ وزیر اعظم کی محبت، وابستگی اور ہمدردی کا مظہر ہے ۔ ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب نے روشنیوں کے شہر کو نئی آب و تاب دی ، یہ لمحے ، یہ خوشیاں، یہ رونقیں قوم بالخصوص کراچی کو مبارک ہوں، دہشت گردی کے خلاف ثابت قدمی دکھانے اور قربانیاں دینے والی قوم کا حق ہے کہ اسکے کھیل کے میدان آباد ہوں، یہ پاکستان کے بہادرعوام ، مسلح افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی لازوال قربانیوں اور مزاحمت کا ثمر ہے ۔