سکھر،کشمور (بیورو رپورٹ،نامہ نگار) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر اس بار ملک میں عوامی حکومت قائم نہ ہوئی تو حالات تبدیل نہیں ہوں گے ، اگر غلامانہ سوچ رکھنے والے دوبارہ اقتدار میں آگئے تو قائد اعظم ؒکے مزار اور ملک کو بھی بیچ دیں گے ، سندھ کے عوام نے 1970 سے پیپلزپارٹی کوووٹ دیا مگر انہیں ذلت ورسوائی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ سکھر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2018کے انتخابات میں حیا اور بے حیائی، پردہ اور بے پردگی،نظریات،تہذیب اور ثقافت کا مقابلہ ہے ۔ ایم ایم اے کے پاس نظام مصطفیٰﷺ کا پروگرام ہے ۔ ہم اقتدار میں آکر بے روزگاروں کو روزگار دیں گے ، ظلم کرپشن اور مہنگائی کو ختم کریں گے ۔ظالم حکمرانوں کا ٹولہ کبھی مسلم لیگ،کبھی پیپلزپارٹی اور کبھی پی ٹی آئی میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے ملک کی حالت نہیں بدلی ہے جبکہ کشمور میں ایک بڑے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ، ستر سال سے اس ملک میں ایک مخصوص طبقہ غالب ہے ووٹ کی طاقت کے ذریعے لٹیروں کو بھگائیں، پاکستان کا مقدر صرف ایم ایم اے تبدیل کر سکتی ہے ۔