لاہور(نامہ نگار) عوامی رکشہ یونین کے چیئرمین مجید غوری نے کہا ہے کہ تاجروں نے مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف جواحتجاجی تحریک ہارن بجائو حکمران جگائو چلانے کا اعلان کیا ہے عوامی رکشہ یونین ، پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل ، منی مزدا ایسوسی ایشن اس تحریک کا بھرپور ساتھ دے گی۔ ہارن صرف اسلام آباد میں ہی نہیں اس دن پورے پاکستان میں ہارن بجا کر اپنے متحد ہونے کا ثبوت دیں گے ۔ انہوں نے آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد کا اپنے دفتر پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا اور مہنگائی ، بے روزگاری کیخلاف آئندہ مشترکہ جدوجہد کا عہد کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادی صحافت کے حق میں کئے گئے احتجاجی مظاہرے اور آل پاکستان انجمن تاجران کے وفد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرآل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین میاں وقار ، پاکستان ٹرانسپورٹ کونسل کے چیئرمین تنویر خان اور منی مزدا ایسوسی ایشن کے نائب صدر فلک شیر، میاں خلیل عبیر ، سہیل محمود بٹ، لیاقت جٹ ، شاہد نذیر و دیگر بھی موجو دتھے ۔